دشمن ہماری تاریخ سے ناواقف ہے، جب قربانی کا وقت آتا ہے تو پاکستانی بچوں کی داستانیں بھی سنہری حروف میں لکھی جاتی ہیں،عطاء اللہ تارڑ

اسلام آباد ( سٹاف رپورٹر)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے بلوچستان کے ضلع خضدار میں سکول بس پر دشمن کے بزدلانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دشمن ہماری تاریخ سے ناواقف ہے، جب قربانی کا وقت آتا ہے تو پاکستانی بچوں کی داستانیں بھی سنہری حروف میں لکھی جاتی ہیں، قوم متحد ہے، بھارت کی چھپ کر کی گئی کارروائیوں کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا اور دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔

بدھ کو قومی اسمبلی اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ قوم نے بہادری اور دلیری کے ساتھ افواج پاکستان کا ساتھ دیا، دشمن کو شکست فاش دینے پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج دشمن نے بلوچستان کے ضلع خضدار میں سکول بس پر بزدلانہ حملہ کیا جس میں معصوم بچوں کو نشانہ بنایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ دشمن ہماری تاریخ سے ناواقف ہے، جب قربانی کا وقت آتا ہے تو پاکستانی بچوں کی داستانیں بھی سنہری حروف میں لکھی جاتی ہیں۔