اسلام آباد (سٹاف رپورٹر )وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے آج اچانک مارگلہ ریلوے اسٹیشن کا دورہ کیا جہاں انہوں نے اسٹیشن کی صفائی، سہولیات اور مسافروں کو دی جانے والی خدمات کا تفصیلی معائنہ کیا۔ وزیر ریلوے نے اسٹیشن پر موجود انتظامیہ اور عملے کے ساتھ تبادلہ خیال کے علاوہ مسافروں سے براہ راست ان کی شکایات و تجاویز بھی سنی۔وزیر ریلوے نے سب سے پہلے اسٹیشن کی صفائی کے انتظامات کا بغور جائزہ لیا اور صفائی کی حالت پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے عملے کو ہدایت دی کہ صفائی کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھا جائے کیونکہ یہ نہ صرف مسافروں کی صحت کے لیے ضروری ہے بلکہ ریلوے کی ساکھ کے لیے بھی بہت اہمیت رکھتا ہے۔
اس کے بعد وزیر ریلوے نے اسٹیشن پر کھڑی ٹرینوں کا معائنہ کیا اور خود ٹرین کے اندر جا کر ایک ایک بوگی کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے ہر بوگی میں صفائی، سہولیات، مسافروں کے آرام اور حفاظتی انتظامات کا معائنہ کیا۔ وزیر ریلوے نے ٹرین عملے سے بھی ملاقات کی اور ان سے خدمات کے معیار اور مسافروں کے مسائل کے حل کے حوالے سے گفتگو کی۔وزیر نے مسافروں سے بھی ملاقات کی اور ان کے تجربات اور آراء حاصل کیں تاکہ ریلوے خدمات کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ہر ممکن کوشش کر رہی ہے کہ ریلوے کے ذریعے سفر کرنے والے ہر مسافر کو بہترین سہولیات فراہم کی جائیں۔مارگلہ اسٹیشن کے انتظامی حکام نے وزیر ریلوے کو ریلوے کی ترقی اور اسٹیشن کی بہتری کے لیے جاری منصوبوں کے بارے میں آگاہ کیا، جس پر وزیر نے ان منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کی تاکید کی تاکہ عوام کو معیاری اور آرام دہ سفری سہولت میسر ہو۔
وزیر ریلوے حنیف عباسی کے اس اچانک دورے کا مقصد ریلوے خدمات کو جدید خطوط پر استوار کرنا اور مسافروں کے اعتماد کو بحال کرنا ہے تاکہ ریلوے کو ملک کا ایک معتبر اور پسندیدہ سفری ذریعہ بنایا جا سکے۔وزیر ریلوے نے مزید کہا کہ ریلوے کو ملک کا معتبر اور پسندیدہ سفری ذریعہ بنانے کی کوششیں جاری رکھیں گے۔ مارگلہ اسٹیشن پر جلد تفریحی سہولیات فراہم کی جائیں گی اور عوام کے لیے خاص طرز کے ریسٹورنٹس بنانے کے منصوبے زیر غور ہیں، تاکہ مسافروں کے لیے بہترین سہولیات کا ماحول فراہم کیا جا سکے.