اسلام آباد(سپیشل رپورٹر )نیب نے سال 2025 کی پہلی سہ ماہی (جنوری تا مارچ) کے دوران88 ارب روپے سے زائد رقم برآمد اور تقسیم کی۔ ان میں 2.0847 ارب روپے کی براہِ راست اور 86 ارب روپے کی بالواسطہ وصولیاں شامل تھیں، جن کا تعلق غیر قانونی منتقلی اور قبضے سے متعلق مقدمات میں ملوث سرکاری و نجی اراضی سے تھا۔ برآمد شدہ رقوم متعلقہ متاثرہ اداروں کو واپس کر دی گئیں۔بالواسطہ وصولیوں کے حوالے سے، نیب بلوچستان نے 340 ایکڑ چلتن پارک اور 250 ایکڑ محکمہ جنگلات کی سرکاری اراضی بازیاب کروائی، جس کی مالیت 6.45 ارب روپے ہے۔ نیب خیبرپختونخوا نے سوات یونیورسٹی، ریونیو اور جنگلات کے محکموں کے افسران/اہلکاران کے خلاف انکوائری کیس میں 0.56 ارب روپے کی رقم حاصل کی۔ نیب لاہور نے ایمپلائز کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی، اسٹیٹ لائف انشورنس ایمپلائز کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی، سرور اومیگا ولاز کے میگا کیس میں 70.87 ارب روپے کی وصولی کی۔
نیب ملتان نے جی ایف ایس سیون ونڈرز ہاوسنگ سکیم کے 13.206 ملین روپے بر آمد کئے۔ نیب سکھر نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی کی 8.53 ارب روپے مالیت کی 610 ایکڑ اراضی بازیاب کرائی۔براہِ راست وصولیوں کے حوالے سے، نیب نے 9.72 ملین روپے ، وفاقی حکومت کو، 10.80 ملین روپے صوبائی حکومتوں کو، اور 73.51 ملین روپے مختلف محکموں اور مالیاتی اداروں کو منتقل کیے۔ ایک بڑی رقم یعنی 1990.771 ملین روپے دھوکہ دہی کے مختلف مقدمات کے 19105 متاثرین میں براہ راست تقسیم کی گئی۔ نیب راولپنڈی کی جانب سے نیشنل ہاؤس بلڈنگ اینڈ روڈ ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے 4778 متاثرین کو 72.04 ملین روپے دیے گئے نیب لاہور کی جانب سے ایڈن ہاؤسنگ کیس کے 11855 متاثرین کو 1168.26 ملین روپے دیے گئے نیب لاہور کی جانب سے ایس ایچ جی و دیگر کیسز کے 989 متاثرین کو 405.08 ملین روپے دیے گئے
نیب راولپنڈی کی جانب سے ارائیں سٹی کیس کے 496 متاثرین کو 111.08 ملین روپے دیے گئے نیب لاہور کی جانب سے ٹیوٹا موٹرز گجرانوالا کیس کے 452 متاثرین کو 109.15 ملین روپےدیے گئے نیب راولپنڈی کی جانب سے گلشن رحمان کیس کے 246 متاثرین کو 23.56 ملین روپے ، نیب لاہور ٹی ایچ جی کیس کے 99 متاثرین کو 12.07 ملین روپے دیے گئے .
نیب راولپنڈی کی جانب سے گیلانی ہاوسنگ کارپوریشن کے 60متاثرین کو 47.31 ملین روپے دیے گئے نیب لاہور کی جانب سے احمد سٹی ہاوسنگ سکیم کے 78 متاثرین میں 3.631 ملین روپے اور دیگر مختلف سکیموں کے 52 متاثرین میں 38.589 ملین روپے تقسیم کیے گئے 2025 کی پہلی سہ ماہی میں کی گئی یہ وصولیاں نیب کی اس کے قیام سے لے کر اب تک کی مجموعی وصولیوں کو 6.236 کھرب روپے تک لے گئی ہیں، جس میں سے 62.92% (3.92 کھرب روپے) گزشتہ 18 مہینوں میں وصول کیے گئے ہیں۔یہ وصولیاں انفرادی اور اداروں سے پلی بارگین، رضاکارانہ واپسی اور تصفیہ جات کے ذریعے کی گئیں.
یاد رہے کہ نیب ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران ایشیا ہاوسنگ سوسائٹی (گلشن کشمیر) راولپنڈی کے 200 متاثرین میں ان کے پلاٹس کے الاٹمنٹ لیٹر تقسیم کر دئیے گئے۔ڈپٹی چیئرمین قومی احتساب بیورو سہیل ناصر اس موقع پر مہمان خصوصی تھے- ڈائریکٹر جنرل نیب راولپنڈی ریجن، وقار احمد چوہان محمد الیاس’ شاہد نواز جدون, سید اظہار حسین شاہ سراوش الطاف اور دیگر نیب افسران بھی موجود تھے۔ڈپٹی چیئرمین نیب سہیل ناصر نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیب افسران دن رات ایک کرکے غیر قانونی ہاوسنگ سوسائٹیز اور سرمایہ کاری کی سکیموں میں خون پسینے کی کمائی اور جمع پونجی سے محروم ہونے والے متاثرین کی فوری داد رسی اور ان کی رقوم کی بلا تاخیر واپسی کے لئے سرگرم عمل ہیں اور ان کوششوں کے نتیجے میں کثیر تعداد میں متاثرین کو ان کے لوٹے گئے سرمایہ کی واپسی یقینی بنائی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ دھوکہ دہی سے عوام کی لوٹی گئی دولت کی واپسی نیب کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لئے ہر ممکن کاوشیں بروئے کار لائی جا رہی ہیں۔ اس سلسلے میں زیر سماعت مقدمات کو بھی تیزی سے نمٹایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریکارڈ مدت میں مذکورہ ہاوسنگ سکیم کی تحقیقات مکمل کرکے متاثرین کو ان کا حق واپس دلایا گیا ہے جس پر نیب راولپنڈی کی پوری ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے ڈپٹی چیئرمین نیب سہیل ناصر نے شہریوں سے کہا کہ وہ کسی بھی رہائشی منصوبہ میں سرمایہ کاری سے قبل اس کی ساکھ بالخصوص این او سی، ملکیتی رقبےکی تسلی کریں تاکہ انہیں بعد میں نقصان نہ اٹھانا پڑے ۔
ڈائریکٹر جنرل نیب راولپنڈی وقار احمد چوہان نے اس موقع پر بتایا کہ نیب انکوائری کی وجہ سے ایشیا ہاوسنگ سوسائٹی (گلشن کشمیر) کے 281 متاثرین کو 77 ملین روپے کی ادائیگی سوسائٹی انتظامیہ کی طرف سے پہلے ہی کرائی جا چکی ہے۔جبکہ احتساب عدالت کی منظوری کے بعد پلی بارگین سے اس سوسائٹی کے 207 متاثرین کو 96 ملین روپے نیب ہیڈکوارٹر اسلام آباد میں اس سے قبل منعقدہ تقریب میں ادا کئے گئے اور اب اس سوسائٹی کے 200 متاثرین میں ان کے پلاٹس کے قبضہ لیٹر تقسیم کئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ رہائشی منصوبوں میں سرمایہ کاری کے نام پر دھوکہ دہی کے مرتکب عناصر کے خلاف سخت قانونی کاروائی کی جا رہی ہے اور نیب راولپنڈی میں دیگر کیسز کو بھی کاروائی تیز تر کی جا رہی ہے کے متاثر ان کو ان کا لوٹا گیا سرمایہ جلد واپس مل سکے ڈپٹی چیئرمین نیب سہیل ناصر نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے نیب افسران میں شیلڈز تقسیم کی گئی تھی.