یومِ تکبیر پاکستان کی طاقت اور خودمختاری کی یاد دلاتا ہے: جنید انوار چوھدری

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر )وفاقی وزیر برائے بحری امور محمد جنید انوار چوہدری نے کہا ہے کہ پوری قوم اُن تمام سائنسدانوں، ماہرینِ دفاع، انجینئرز، ٹیکنیشنز اور قیادت پر فخر کرتی ہے جنہوں نے پاکستان کو پہلی اسلامی ایٹمی طاقت بنایا یومِ تکبیر کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ ان تمام افراد کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے ملکی دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنانے میں کردار ادا کیا انہوں نے کہا کہ رواں سال یومِ تکبیر ایک خاص اہمیت کا حامل ہے کیونکہ معرکۂ حق کے تناظر میں ہمیں دوہری خوشی نصیب ہوئی ہے۔

جنید انوار چوہدری نے 28 مئی کو ایک تاریخی دن قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس دن ہم ربِ کریم کے حضور شکر بجا لاتے ہیں اور یہ عہد دہراتے ہیں کہ جو قوم اللہ پر بھروسہ رکھتی ہے، وہ اُس کی رحمت سے کبھی مایوس نہیں ہوتی اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک ایٹمی طاقت ہونے کے باوجود ہمیشہ خطے میں امن کو ترجیح دیتا ہے، طاقت کے توازن کو برقرار رکھا ہے اور اس کے ذمہ دارانہ کردار کو دنیا نے سراہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ وطنِ عزیز کے دفاع میں پاک فوج کا کردار نہایت قابلِ تحسین ہے، جنہوں نے 10 مئی کو دشمن کو ایک بار پھر شکست سے دوچار کیا .