اسلام آباد (سپیشل رپورٹر )وزارت ہائوسنگ کے ذیلی ادارے فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہائوسنگ فائونڈیشن کے سیکٹر جی 14/1 میں (بی او پی) بلڈ آف پراپرٹی کی مد میں 51کروڑ روپے کی مالی بے ضابطگیوں کا انکشاف ہو اہے۔ ذرائع کے مطابق جی 14/1 میں متاثرین نےBUILD OF PROPERTYکی مد میں درخواستیں دے رکھی تھیں۔ متاثرین ڈپٹی کمشنر ایف بی ای ایچ اے یاسر قیوم کے دفتر پہنچ گئے متاثرین نے الزام عائد کیا کہ ہاؤسنگ فاؤنڈیشن کے ڈپٹی کمشنر ریونیو تحصیلدار اور پٹواریوں خرم عمران اورساجد کی مبینہ ملی بھگت سے 51 کروڑ روپے کی ادائیگیاں کی جارہی ہیں جبکہ اصل مالکان کو پیچھے چھوڑ دیا گیا ہے ہم موقع پر رہائش پذیر ہیں۔
کروڑوں روپے کی ادائیگیاں ایسے لوگوں کو کی جارہی ہیں جو موقع پر موجود ہی نہیں۔ اوصاف نے ڈپٹی کمشنر یاسر قیوم سے ان کے موقف کے لئے رابطہ کیا تو ان کا نمبر بند تھا جبکہ تحصیلدار عرفان ڈوگر نے کہا کہ ہم پر الزام غلط ہے زیادہ تر لوگ فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں ہم ان کو دے رہے ہیں جو حقدار ہیں ہم پر لگائے جانے والے الزامات غلط ہیں جبکہ دوسری جانب متاثرین کا کہنا ہے کہ وہ ڈائریکٹر لینڈ کو معاملے سے آگاہ کرتے ہوئے انصاف کے لئے آج درخواستیں دیں گے جبکہ متاثرین تحصیلدار ڈپٹی کمشنر کے دفتر کے باہر بیٹھے رہے اور انہوں نے اس موقع پر شدید احتجاج کرتے ہوئے ڈی جی ہائوسنگ سے معاملے کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے.