اسلام آباد (سٹا ف رپورٹر ) وفاقی وزیر پارلیمانی امورڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ ہمارا خطہ عظیم تحریکوں کی میراث اور عمدہ ثقافتوں کا حامل ہے، ہمیں اپنے شہروں کی جدید تقاضوں کے مطابق منصوبہ بندی کرنی ہے،پائیدار ترقی اور منصوبہ بندی کےلئے معاشرے کے ہر طبقے کواپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
جمعہ کو یہاں کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد میں رفاہ انٹرنیشنل کانفرنس کے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کانفرنس کا انعقاد ایک اچھی کاوش ہے ،اس میں موجود تمام ماہرین کی آرا ہمارے لئے مستقبل کی منصوبہ بندی کرنے میں رہنمائی فراہم کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں شہری آبادی کا تناسب بڑھ رہا ہے .
اس کے علاوہ ہمیں ماحولیاتی تبدیلیوں ، آبادی میں تیزی سے اضافے ، عدم مساوات جیسے مسائل کا سامنا ہے جس کےلئے ہمیں پائیدار منصوبہ بندی کی ضرور ت ہے تاکہ ہم اپنے ثقافتی ورثے کا تحفظ کرسکیں۔ہمیں سمارٹ سٹیز کےلئے منصوبہ بندی کے ساتھ ساتھ ماحولیاتی تبدیلیوں جیسے مسائل سے نمٹنے کےلئے اقدامات کرنا ہوں گے۔