بحری معیشت کے فروغ کے لیے میرٹائم چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری قائم کریں گے۔ جنید انوار چوہدری

اسلام آباد(سٹا ف رپورٹر ) وفاقی وزیر برائے بحری امور، محمد جنید انوار چوہدری نے بحری معیشت کے فروغ اور بندرگاہوں پر ماحولیاتی پائیداری کو یقینی بنانے کے لیے میرٹائم چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے قیام کا اعلان کیاھے ۔پاکستان بزنس کونسل فورم سے خطاب کرتے ہوئے وزیر موصوف نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلیوں کے بڑھتے ہوئے چیلنجز خصوصاً گلوبل ساؤتھ میں، پائیدار ترقی کی فوری ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ساحلی علاقے سمندری سطح کے بلند ہونے، شدید موسمی حالات اور ماحولیاتی بگاڑ جیسے خطرات سے دوچار ہیں، جس کے پیش نظر ایک مخصوص پلیٹ فارم کا قیام ناگزیر ہو چکا ہے۔

جنید چوہدری نے بتایا کہ میرٹائم چیمبر نہ صرف بندرگاہوں، شپنگ، لاجسٹکس، ماہی گیری اور سمندری خدمات جیسے شعبوں کو یکجا کرے گا بلکہ سرمایہ کاری، جدت، اور پائیداری پر مبنی ترقی کو فروغ دے گا انہوں نے کہا کہ یہ چیمبر بندرگاہوں پر ماحولیاتی تحفظ، سبز ٹیکنالوجیز کے فروغ اور کاربن کے اخراج میں کمی جیسے اقدامات کو ترجیح دے گا وزیر بحری امور نے عوام و نجی شعبے کے اشتراک پر زور دیتے ہوئے ماحولیاتی ماہرین، صنعتی قائدین اور سول سوسائٹی کے ساتھ مل کر قومی و عالمی ماحولیاتی اہداف کے حصول کا عزم بھی ظاہر کیا۔

انہوں نے کاروباری برادری کو یقین دلایا کہ ان کے خدشات کو سنجیدگی سے لیا جا رہا ہے اور اس حوالے سے ان کی سندھ کے وزیراعلیٰ کے ساتھ ملاقات بھی ھوئی ہے تاکہ ہر سطح پر مربوط اقدامات کو یقینی بنایا جا سکے۔
جنید چوہدری نے پاکستان کی بندرگاہی انفرااسٹرکچر کی جدید کاری کے منصوبے کی تفصیلات بھی پیش کیں، جن میں ڈیجیٹلائزیشن، مؤثر کارگو ہینڈلنگ اور ماحولیاتی تحفظ کو مرکزی حیثیت دی جا رہی ہے۔
پاکستان بزنس کونسل نے اس اقدام کو بھرپور سراہتے ہوئے کہا کہ میری ٹائم چیمبر کا قیام ایک پائیدار اور معاشی طور پر مضبوط بحری معیشت کی جانب اہم پیش رفت ہے.