پاکستانی عازمین حج کی سہولیات کیلئے سعودی وزیر حج کی خصوصی توجہ باعث مسرت ہے، سعودی حکومت ہر سال حج انتظامات میں جدت اور نئی سہولیات متعارف کرا رہی ہے، سردار محمد یوسف

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر )وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ پاکستانی عازمین حج کی سہولیات کیلئے سعودی وزیر حج کی خصوصی توجہ باعث مسرت ہے، سعودی حکومت ہر سال حج انتظامات میں جدت اور نئی سہولیات متعارف کرا رہی ہے، پاکستانی عازمین حج کو کھانے ، ٹرانسپورٹ اور رہائش کی بہترین سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ وزارت مذہبی امور کی جانب سے اتوار کو جاری اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر سردار محمد یوسف نے سعودی وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق بن فوزان الربیعہ سے ملاقات کے دوران کیا۔ اس موقع پر حج 2025 کے انتظامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

سردار محمد یوسف نے پاکستانی عازمین حج کیلئے بہترین سہولیات پر سعودی وزیر حج سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی عازمین حج کی سہولت کیلئے سعودی وزیر حج کی خصوصی توجہ باعث مسرت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی عازمین حج کی سہولت کیلئے سعودی حکومت ہر سال حج انتظامات میں جدت اور نئی سہولیات متعارف کروا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی عازمین حج کو کھانے، ٹرانسپورٹ اور رہائش کی بہترین سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، رواں سال مشاعر مقدسہ میں پاکستانی حجاج کو نزدیک ترین مکاتب فراہم کئے گئے ہیں۔

سردار محمد یوسف نے کہا کہ آئندہ حج کیلئے روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کا دائرہ کار پاکستان کے دیگر شہروں تک بڑھایا جائے گا۔ ملاقات کے دوران سعودی وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق بن فوزان الربیعہ نے کہا کہ وزارت حج زائرین کو ڈیجیٹل سسٹم کے ذریعے سہولتوں کی فراہمی بہتر بنانے کیلئے کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ منیٰ اور عرفات میں پاکستانی عازمین حج کو بہترین سہولیات فراہم کی جائیں گی، مشاعر مقدسہ میں بہتر سہولیات کو یقینی بنانے کیلئے نجی کمپنیوں کی حوصلہ افزائی کر رہے ہیں۔ سعودی وزیر نے کہا کہ پاکستان سے حجاج کی بڑی تعداد آتی ہے ان کی خدمت کرنا ہمارے لئے باعث شرف ہے۔