چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے ترکمانستان کے وزیر خارجہ رشید میریدوف سے ملاقات

اسلام آباد ( سٹاف رپورٹر )چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے ترکمانستان کے وزیر خارجہ رشید میریدوف سے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ سینیٹ سیکرٹریٹ کے مطابق چیئرمین سینیٹ نے ترکمانستان کی جانب سے پُرتپاک مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا اور پاکستان کی جانب سے ترکمانستان کی مستقل غیرجانبداری کی پالیسی کی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا۔انہوں نے سیاسی، تجارتی اور تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے دوطرفہ تجارت میں اضافہ کی ضرورت کو اجاگر کیا۔ملاقات میں تاپی، ٹی اے پی اور فائبر آپٹک منصوبوں پر بھی تفصیل سے غور کیا گیا۔ چیئرمین سینیٹ نے علاقائی روابط (ریجنل کنیکٹویٹی) کی اہمیت پر زور دیا اور ترکمانستان کو گوادر اور کراچی بندرگاہوں کے استعمال اور سرمایہ کاری کی دعوت دی۔

وزیر خارجہ ترکمانستان نے سٹریٹجک مقاصد کے حصول کے لئے عملی اقدامات اٹھانے کی تجویز دی جن میں ترکمانستان میں تعمیراتی منصوبوں کے لئے پاکستان سے ماربل کی درآمد اور اعلیٰ سطحی دوروں میں اضافہ شامل ہے تاکہ دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔ ملاقات کے دوران سینیٹرز جان محمد بلیدی، حاجی ہدایت اللہ اور وقار مہدی بھی موجود تھے