اسلام آباد (سٹاف رپورٹر )پاکستان نے کہا ہے کہ وہ اہم ماحولیاتی بحرانوں سے نمٹنے اور آنے والی نسلوں کی خاطر کرہ ارض کی حفاظت کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے جمعرات کو یہاں جاری بیان میں کہا کہ پاکستان عالمی یوم ماحولیات 2025 عالمی برادری کے ساتھ مل کر منا رہا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ موقع دنیا کو درپیش ہنگامی ماحولیاتی چیلنجز کے بارے میں بیداری پیدا کرنے اور کرہ ارض کی حفاظت کے لیے اجتماعی کوششوں کو تیز کرنے کا ایک اہم موقع پیش کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں سے ایک کے طور پر پاکستان موسمیاتی تبدیلی، حیاتیاتی تنوع میں کمی اور آلودگی سے نمٹنے کے لیے جاری عالمی اقدامات کو سراہتا ہے، اس وقت جبکہ دنیا زمین، دریائوں اور سمندروں میں پلاسٹک کی آلودگی کے بڑے چیلنج سے نبرد آزما ہے، ہم سمجھتے ہیں کہ عالمی یوم ماحولیات 2025 کو ”بیٹ پلاسٹک پلوشن“کے تھیم کے تحت منانا بروقت اور ضروری ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ اس سال کا تھیم پلاسٹک کی آلودگی سے نمٹنے کے لیے پاکستان کی قومی کوششوں سے ہم آہنگ ہے، اپریل 2025 میں حکومت پاکستان نے پلاسٹک کی آلودگی کو کم کرنے کے لیے نیشنل ایکشن روڈ میپ کا آغاز کیا جس میں پلاسٹک کے فضلے کو کم کرنے کے لیے ایک جامع حکمت عملی کا خاکہ پیش کیا گیا ہے۔ بیان کے مطابق پاکستان ان اہم ماحولیاتی بحرانوں سے نمٹنے اور آنے والی نسلوں کے لیے کرہ ارض کی حفاظت میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کے لیے پرعزم ہے۔