اسلام آباد( سٹاف رپورٹر )محکمہ موسمیات نے انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ کل بدھ سے 21 جون کے دوران ملک کے بیشترمیدانی علاقوں میں موسم شدید گرم رہے گا، عوام الناس بالخصوص بچوں، خواتین اور بزرگ شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا جاتا ہے کہ دن کے دوران خاص طور پر 11 سے 04 بجے دھوپ میں کم سے کم نکلیں اور پانی کا زیادہ استعمال کریں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کل (بدھ کو) ملک کے بیشتر علاقو ں میں موسم گرم اور خشک جبکہ میدانی علاقوں میں دن کے دوران شدید گرم رہے گا تاہم کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک جبکہ میدانی علاقوں میں شدید گرم رہا تاہم جنوب مشرقی سندھ، شمال مشرقی بلوچستان، کشمیر، بالائی خیبرپختونخو ااور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔
سب سے زیادہ بارش سندھ: تھرپارکر (نگرپارکر 30، مٹھی 27، اسلام کوٹ 14، ڈیپلو 06)، کشمیر: گڑھی دوپٹہ 09، مظفر آباد (ایئرپورٹ 06، سٹی 03)، بلوچستان: ژوب 04، بارکھان 02، گلگت بلتستان: سکردو،بگروٹ01 اور خیبر پختونخوا: بالاکوٹ میں01 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔منگل کو ریکارڈ کئے گئے زیادہ سےزیادہ درجہ حرارت : جیکب آباد، موہنجوداڑو 46، تربت،نوکنڈی اور دادومیں 45ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔