اسلام آباد( سٹاف رپورٹر )نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت اجلاس میں اشیائے خوردونوش خصوصاً چینی کی فراہمی اور دستیابی کا جائزہ لیا گیا۔نائب وزیر اعظم کے آفس سے بدھ کو جاری بیان کے مطابق اجلاس میں وزیر برائے نیشنل فوڈ سکیورٹی، وزیراعظم کے معاون خصوصی ایم طارق باجوہ، سیکرٹری صنعت و پیداوار، ممبر ایف بی آر، ڈی جی ایف آئی اے کے علاوہ پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن اور صوبائی حکومت کے محکموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔
نائب وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ شہریوں کو مناسب قیمتوں پر اشیائے خوردونوش کی فراہمی کی حکومت کی پالیسی پر مکمل عمل درآمد کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ذخیرہ اندوزی، اشیائے خوردونوش کی قلت اور زائد قیمتوں کے خلاف سخت کارروائی کرے گی۔