اسلام آباد( سٹاف رپورٹر ) وفاقی وزیر برائے ریلوے محمد حنیف عباسی سے انجمن امامیہ اثناء عشریہ راولپنڈی کے ایک معزز وفد نے ملاقات کی۔ وفد کی قیادت صدر سید مشتاق شاہ نے کی، جبکہ وفد میں جنرل سیکریٹری سید مجتبیٰ نقوی، نائب صدر محسن بھٹ، فنانس سیکریٹری جعفر بھٹ، جوائنٹ سیکریٹری سید علی نقوی اور سیکریٹری اطلاعات سید اعجاز شاہ شامل تھے۔اس ملاقات میں محرم الحرام 1447ھ کے حوالے سے انتظامی اُمور، عزاداروں کو درپیش مسائل، جلوسوں کے راستوں میں رکاوٹیں، پانی کی فراہمی اور سیکیورٹی سمیت دیگر اہم امور زیرِ بحث آئے۔
وفد نے وزیرِ ریلوے کو آگاہ کیا کہ محرم کے دوران جلوسوں اور مجالس کے راستوں میں غیر ضروری رکاوٹیں شرکاء کے لیے شدید مشکلات کا باعث بنتی ہیں، جبکہ پانی کی قلت اور صفائی کے مسائل بھی اہم چیلنجز ہیں۔اس موقع پر وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے وفد کے مسائل کو نہایت سنجیدگی سے سنا اور کمشنر راولپنڈی کو فوری ہدایات جاری کیں کہ وہ موقع پر جا کر حالات کا جائزہ لیں اور تمام امور کو جلد از جلد حل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ:“محرم الحرام کے دوران عزاداروں کو پانی، صفائی، سیکیورٹی اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ متعلقہ اداروں کو اس سلسلے میں واضح ہدایات جاری کر دی گئی ہیں ،ملاقات کے اختتام پر وفد نے وزیر ریلوے کے فوری اقدامات اور ذاتی دلچسپی پر اظہار تشکر کیا اور اُمید ظاہر کی کہ آئندہ محرم میں انتظامات مزید بہتر اور مؤثر ہوں گے.