مسلم لیگ (ن) کی حکومت، وزیراعظم میاں شہباز شریف، وزیر خزانہ اسحاق ڈار ، کابینہ کے دیگر ارکان کے تعاون سے حج آپریشن 2025 انتہائی کامیابی سے مکمل ہوا۔سردار محمد یوسف

اسلام آباد( سٹاف رپورٹر )وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار محمد یوسف حج آپریشن 2025 کی کامیاب تکمیل کے بعد وطن واپس پہنچ گئے۔ اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔ پاکستان سٹیزن فورم کے زیر اہتمام اس موقع پر استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں پارلیمانی سیکرٹری پنجاب اسمبلی ملک افتخار، پارلیمانی لیڈر خیبرپختونخوا اسمبلی سردار شاہ جہاں یوسف، مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان کے قائدین، انجمن تاجران کے وفود اور ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والی شخصیات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر سردار محمد یوسف نے کہا کہ”میں ایئرپورٹ پر شاندار استقبال پر تمام احباب کا تہہ دل سے مشکور ہوں۔ میڈیا کے نمائندوں نے میرے ہمراہ تمام انتظامات کا جائزہ لیا۔ تمام تر ریکارڈ موجود ہے۔”انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت، وزیراعظم میاں شہباز شریف، وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور کابینہ کے دیگر ارکان کے تعاون سے حج آپریشن 2025 انتہائی کامیابی سے مکمل ہوا۔وفاقی وزیر نے تمام عازمین حج کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ سعودی وزارتِ حج و اوقاف نے اس سال بہترین انتظامات کیے۔ انہوں نے سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور سعودی حکومت کو بھی ان شاندار انتظامات پر خصوصی مبارک باد پیش کی ، سردار محمد یوسف نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور قائد میاں نواز شریف کی ہدایات پر ذاتی طور پر تین مرتبہ سعودی عرب جا کر انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے بتایا کہ عرفات، مزدلفہ میں رہائش، کھانے پینے اور سفری سہولیات کے بہترین انتظامات کیے گئے جنہیں حجاج کرام نے سراہا۔

“امسال شکایات نہ ہونے کے برابر تھیں، جو معمولی نوعیت کی شکایات موصول ہوئیں، ان کو موقع پر حل کر دیا گیا۔ میری وزارت کے افسران اور ٹیم نے شبانہ روز محنت سے کام کیا، جنہیں میں خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں۔”
انہوں نے مزید کہا کہ حج مشن 2025 اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے کامیابی سے مکمل ہوا ، وفاقی وزیر کے مطابق اس سال پاکستان سے ایک لاکھ پندرہ ہزار (1,15,000) عازمین نے فریضہ حج ادا کیا، جن میں سے اب تک 23 ہزار حجاج وطن واپس پہنچ چکے ہیں ، سردار محمد یوسف نے کہا کہ پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (PIA) نے تمام حجاج کو شیڈول کے مطابق مکہ مکرمہ پہنچایا اور واپسی کی پروازیں بھی مقررہ وقت پر جاری ہیں۔ حج میڈیکل مشن، معاونین حج اور وزارت مذہبی امور کے تمام اداروں نے بہترین حکمت عملی اور ٹیم ورک سے اس سال کے حج آپریشن کو کامیاب بنایا ،انہوں نے کہا کہ قائد نواز شریف نے دوسری بار مجھ پر اعتماد کیا، جس پر میں ان کا مشکور ہوں اور آئندہ بھی اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے ادا کرنے کے لئے پرعزم ہوں.