اسلام آباد ( سٹاف رپورٹر )پاکستان نے ایران پر اسرائیلی جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کو اقوام متحدہ کے آرٹیکل 51 کے تحت اپنے دفاع کا حق حاصل ہے ، ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے جمعرات کو یہاں پریس بریفنگ کے دوران ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ایران پر اسرائیلی حملے کے خطے کے امن پر سنگین اثرات مرتب ہوں گے۔ ایران میں موجود پاکستانی شہریوں کے انخلاء کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں ترجمان نے کہا کہ ایران سے اب تک تین ہزار سے زائد پاکستانیوں کو نکالا جا چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی شہریوں جن میں طلباء بھی شامل ہیں کو تفتان کی سرحدی کراسنگ کے علاوہ اشک آباد، باکو اور بغداد کے راستے وطن واپس پہنچایا گیا ہے۔ ترجمان نے اس حوالے سے تہران میں پاکستانی سفارتخانے کے علاوہ زاہدان اور مشہد میں پاکستانی قونصل خانوں کے ساتھ ساتھ ایرانی حکومت کے تعاون کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ایران پاکستان کا برادر، دوست اور پڑوسی ملک ہے اور دونوں ممالک گہرے مذہبی، ثقافتی اور تاریخی رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔