اسلام آباد( سٹاف رپورٹر )فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ اتھارٹی کی طرف سے سیکٹر 13-G اور 14-G کے کمرشل پلاٹس کا شاندار نیلام عام اختتام پذیر فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائیز ہاؤسنگ اتھارٹی (FGEHA) نے سیکٹر 13-G اور 14-G اسلام آباد کے کمرشل پلاٹس کی کامیاب نیلامی 18 اور 19 جون 2025 کو ہوٹل ”اورا گرانڈے” (Aura Grande)، سیکٹرE-11 اسلام آباد میں منعقد کی۔ اس دو روزہ نیلامی میں 7 قیمتی کمرشل پلاٹس نیلام کیے گئے، جن کی مجموعی مالیت تقریباً 3.5 ارب روپے سے زائد رہی۔ اس نیلامی کو ہاؤسنگ اتھارٹی کی تاریخ کا ایک اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔
ڈائریکٹر جنرل FGEHA، کیپٹن (ر) ظفر اقبال کی خصوصی ہدایت پر نیلامی میں شریک سرمایہ کاروں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے ایک ”ون ونڈو سیل” قائم کیا گیا، جہاں پلاٹس کی الاٹمنٹ، لے آؤٹ پلان (LOP) اور دیگر متعلقہ امور کی فوری انجام دہی ممکن بنائی گئی۔ یہ اقدام شفاف اور تیز تر سروسز کی فراہمی کی جانب ایک عملی قدم ہے۔اس موقع پر چیئرمین آکشن کمیٹی جناب نجیب اکرم نے نیلامی کی کامیابی پر اظہارِ مسرت کرتے ہوئے کہا کہ سرمایہ کاروں کا اعتماد ہاؤسنگ اتھارٹی کے شفاف نظام کا مظہر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہاؤسنگ اتھارٹی مستقبل میں بھی ایسے منصوبے متعارف کراتی رہے گی جو نہ صرف سرمایہ کاروں کے لیے فائدہ مند ہوں بلکہ قومی ترقی میں بھی کردار ادا کریں۔انہوں نے اپنی ٹیم، میڈیا نمائندگان، سیکورٹی اداروں اور دیگر متعلقہ محکموں کی خدمات کو سراہا جن کی کاوشوں سے یہ نیلامی کامیابی سے ہمکنار ہوئی۔