وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ کی وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی سے اہم ملاقات

اسلام آباد( سٹاف رپورٹر ) وزیر اعظم کے معاونِ خصوصی برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے آج وفاقی وزیر برائے ریلوے محمد حنیف عباسی سے اسلام آباد میں اہم ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان ریلوے کو جدید، محفوظ اور فعال بنانے کے لیے حکومت کی جانب سے کیے گئے اقدامات پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔وفاقی وزیر محمد حنیف عباسی نے رانا ثناء اللہ کو ریلوے میں جاری اصلاحاتی اور ترقیاتی منصوبوں سے آگاہ کیا اور بتایا کہ اب تک 9 ٹرینیں آؤٹ سورس کی جا چکی ہیں، جبکہ مزید 11 ٹرینوں کو آؤٹ سورس کرنے کا عمل جاری ہے تاکہ مسافروں کو معیاری خدمات فراہم کی جا سکیں ،اس کے ساتھ ساتھ ریلوے کے ماتحت چلنے والے اسکولز اور اسپتالوں کو بھی آؤٹ سورس کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے تاکہ یہ ادارے جدید نظام کے تحت بہتر انداز میں کام کر سکیں۔

محمد حنیف عباسی نے بتایا کہ راولپنڈی ریلوے اسٹیشن پر ایک معلوماتی ڈیسک قائم کر دیا گیا ہے، جہاں سے مسافروں کو بروقت اور درست معلومات فراہم کی جا رہی ہیں۔ مزید برآں، صفائی کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (RWMC) کے ساتھ معاہدہ کیا گیا ہے جس کے بعد ریلوے اسٹیشنز پر صفائی کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے ،وفاقی وزیر نے بتایا کہ پرانی بوگیوں کی مرمت، نئی کوچز کی خریداری اور جدید ٹریکنگ سسٹم کی تنصیب پر بھی تیزی سے کام جاری ہے، جس کا مقصد ریلوے کو ایک جدید اور عوام دوست ادارہ بنانا ہے۔ ان اقدامات سے نہ صرف مسافروں کو سہولت میسر آئے گی بلکہ ریلوے کی کارکردگی میں بھی خاطر خواہ بہتری آئے گی۔رانا ثناء اللہ نے ریلوے کے شعبے میں ہونے والی ان اصلاحات کو سراہتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم آفس ریلوے کی ترقی کے لیے مکمل تعاون فراہم کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی اولین ترجیح عوامی سہولت اور ادارہ جاتی اصلاحات ہیں ،ملاقات خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی، جس میں دونوں رہنماؤں نے ریلوے کے ترقیاتی منصوبوں کو کامیابی سے مکمل کرنے کے عزم کا اعادہ کیا.