اسلام آباد( سٹاف رپورٹر )وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی کی مسلم لیگ ہاؤس، اقبال روڈ راولپنڈی میں کھلی کچہری — عوامی مسائل کے فوری حل کے لیے احکامات جاری ،وفاقی وزیر برائے ریلوے محمد حنیف عباسی نے راولپنڈی کے علاقے اقبال روڈ پر مسلم لیگ ہاؤس میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا، جس میں یونین کونسل 15 تا 20 کے عوام اور ان کے منتخب چیئرمینز کی بڑی تعداد نے شرکت کی ، کھلی کچہری میں شہریوں نے اپنے مسائل بلا جھجک پیش کیے، جن میں گیس، پانی، بجلی، صفائی، سیوریج، تنگ و خستہ حال گلیوں کی مرمت اور بنیادی شہری سہولیات کی کمی جیسے اہم مسائل شامل تھے ، وفاقی وزیر محمد حنیف عباسی نے تمام مسائل کو بغور سنا اور موقع پر موجود متعلقہ اداروں کے نمائندوں اور افسران کو فوری اقدامات کی ہدایات جاری کرتے ہوئے انہوں نے تاکید کی کہ:پرانی اور خستہ حال بجلی کی تاروں کو فوری طور پر تبدیل کیا جائے تنگ اور شکستہ گلیوں کی مرمت و بہتری کے کام کو ترجیحی بنیادوں پر شروع کیا جائےسیوریج نظام کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے اور جہاں ضروری ہو وہاں ہنگامی بنیادوں پر مرمت کی جائےتمام متعلقہ ادارے مقررہ وقت میں رپورٹ جمع کروائیں اور عوامی تکالیف کو جلد از جلد ختم کریں.
اس موقع پر وفاقی وزیر نے کہا:“میں عوام کا تہہ دل سے مشکور ہوں جنہوں نے مجھے یہ عزت بخشی۔ عوامی خدمت پاکستان مسلم لیگ (ن) کی اولین ترجیح ہے، اور ہم ہر حال میں عوام کو ریلیف فراہم کریں گے۔”عوامی مسائل پر فوری توجہ اور احکامات سے شہریوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ شرکاء نے محمد حنیف عباسی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ عوام کی آواز سننے اور ان کے مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کر رہے ہیں ،آخر میں وفاقی وزیر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ مسلم لیگ (ن) عوامی خدمت کے جذبے کے تحت عوامی مسائل کے حل کے لیے ہمیشہ پیش پیش رہے گی.