سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی ہدایات پر سعودی حکومت نے حجاج کے لیے مثالی سہولیات فراہم کیں سعودی سفیر نے پاکستانیوں کے لیے سہولتوں میں بھرپور کردار ادا کیا .سردار محمد یوسف

اسلام آبا د (سٹاف رپورٹر)وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے منگل کو یہاں مرکزی جمیعت اہل حدیث اور حافظ عبدالکریم کی جانب سے کامیاب حج کے حوالے سے منعقدہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے خادم حرمین الشریفین، ولی عہد محمد بن سلمان، سعودی سفیر، علما کرام اور تمام متعلقہ اداروں کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے سینیٹر حافظ عبدالکریم، مولانا علی محمد ابو تراب کی رہنمائی پر خصوصی طور پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کی سرپرستی میں حج انتظامات مزید مؤثر بنے۔ انہوں نے مولانا عبدالغفور سمیت دیگر علمائے کرام اور رضا کاروں کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے حکومت پاکستان کے ساتھ مل کر حجاج کرام کی خدمت کو اپنا فرض سمجھا۔

سردار محمد یوسف نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی خصوصی ہدایات کے تحت تمام انتظامات کو حتمی شکل دی گئی، جب کہ سابق وزیراعظم نواز شریف نے بھی بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے حج انتظامات ہمیں سپرد کیے۔ انہوں نے بتایا کہ خود دو مرتبہ سعودی عرب جا کر وہاں کے انتظامات کا جائزہ لیا تاکہ پاکستانی حجاج کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔وفاقی وزیر نے کہا کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی واضح ہدایات پر سعودی حکومت نے حجاج کے لیے مثالی سہولیات فراہم کیں۔ سعودی سفیر نے پاکستانیوں کے لیے سہولتوں میں بھرپور کردار ادا کیا اور عملاً پاکستانی سفیر اور نمائندے کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔انہوں نے کہا کہ آئندہ حج کے لیے لاہور اور پشاور سے بھی روٹ مکہ پراجیکٹ کے تحت سفر کا آغاز کیا جائے گا جس سے حجاج کرام کو مزید سہولت ملے گی۔