وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی کا کیرج فیکٹری اسلام آباد کا اہم دورہ – جدید ہائی اسپیڈ ریل کوچز کی تیاری کا تفصیلی جائزہ، ڈیجیٹل اقدامات پر بریفنگ

اسلام آباد ( سٹاف رپورٹر )وفاقی وزیر برائے ریلوے محمد حنیف عباسی نے آج کیرج فیکٹری اسلام آباد کا اہم دورہ کیا، جہاں انہوں نے جدید ہائی اسپیڈ ریل کوچز کی تیاری کے مراحل کا تفصیلی اور تکنیکی جائزہ لیا ،فیکٹری حکام نے وزیرِ ریلوے کو نئی کوچز کی تیاری، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال، سیفٹی اسٹینڈرڈز اور مسافروں کے لیے دستیاب سہولیات کے بارے میں مفصل بریفنگ دی۔ ان کوچز کو اس انداز میں ڈیزائن کیا جا رہا ہے کہ عوام کو محفوظ، تیز، اور آرام دہ سفر کی سہولت فراہم کی جا سکے،وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان ریلوے میں رفتار اور معیار کی نئی تاریخ رقم کی جا رہی ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ہائی اسپیڈ ریل سروس پاکستان ریلوے کے لیے ایک انقلابی قدم ثابت ہوگی، جو نہ صرف ادارے کو جدید خطوط پر استوار کرے گی بلکہ عوام کا اعتماد بھی بحال کرے گی۔

اس موقع پر وفاقی وزیر نے ڈائریکٹوریٹ آف آئی ٹی کا بھی دورہ کیا جہاں ریلوے کے نظام کو ڈیجیٹلائز کرنے کے لیے جاری اقدامات کا جائزہ لیا۔ وزیر نے کہا کہ ریونیو، ٹکٹنگ اور آپریشنز کے نظام میں بہتری کے لیے آئی ٹی اصلاحات ناگزیر ہیں ،انہوں نے مزید کہا کہ ریلوے کی ڈیجیٹلائزیشن وزیرِاعظم پاکستان کے وژن کے مطابق کی جا رہی ہے، جس کا مقصد ادارے کو شفاف، موثر اور جدید بنانا ہے ،وفاقی وزیر نے تمام متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ تمام جاری منصوبوں کو معیار اور مقررہ وقت کے مطابق مکمل کیا جائے، تاکہ پاکستان ریلوے کو ایک جدید، پائیدار اور عوام دوست ادارہ بنایا جا سکے ،دورے کے اختتام پر وفاقی وزیر نے فیکٹری میں جاری ترقیاتی کام اور جدید کوچز کے معیار پر اطمینان کا اظہار کیا.