وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی کا سینٹرل ڈیزل لوکوموٹیو ورکشاپ راولپنڈی کا دورہ لوکوموٹیوز کی مرمت، ورکشاپ کی کارکردگی کا جائزہ، ریلوے ورکرز یونین سے ملاقات

راولپنڈی( سٹاف رپورٹر )وفاقی وزیر برائے ریلوے محمد حنیف عباسی نے آج سینٹرل ڈیزل لوکوموٹیو ورکشاپ راولپنڈی کا اچانک دورہ کیا۔ اس موقع پر وزیر ریلوے کو ورکشاپ میں جاری مرمتی کاموں، تکنیکی صلاحیتوں اور لوکوموٹیوز کی موجودہ حالت کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی ،وفاقی وزیر نے ورکشاپ کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا اور ہدایت جاری کی کہ تمام ناکارہ انجنز کی فوری، مؤثر اور معیاری مرمت کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے انجنوں کی کارکردگی پورے نظام کی بنیاد ہے، اس لیے مرمت کے عمل میں کسی بھی قسم کی غفلت یا تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی ،وزیرِ ریلوے نے واضح طور پر ہدایت دی کہ انجنوں کی مرمت میں معیار اور رفتار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے، اور مستقبل میں لوکوموٹیو فیلیرز سے بچنے کے لیے پیشگی حکمت عملی ترتیب دی جائے۔

اس موقع پر وفاقی وزیر نے ریلوے ورکرز یونین کے نمائندوں سے خصوصی ملاقات بھی کی۔ یونین عہدیداران نے وزیر کے سامنے اپنے مسائل، تحفظات اور مطالبات پیش کیے۔ وزیر ریلوے نے ان مسائل کو غور سے سنا اور ان کے فوری حل کے لیے متعلقہ حکام کو احکامات جاری کیے ،انہوں نے کہا کہ ریلوے ورکرز اس نظام کا مضبوط ستون ہیں اور ان کی فلاح و بہبود حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ وفاقی وزیر نے ورکشاپ عملے کی محنت، لگن اور جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی کوششیں ریلوے کی بہتری میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔