اسلام آباد(سٹاف رپورٹر )وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ محرم الحرام کے دوران کسی کو بھی اشتعال انگیزی اور شرپسندی کی اجازت ہرگز نہیں دی جائے گی، ضابطہ اخلاق کی سختی سے پابندی کرائی جائے گی، جلوسوں و مجالس کی جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے نگرانی کو یقینی بنایا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے ملک بھر میں محرم الحرام سکیورٹی پلان کے حوالہ سے منعقدہ اہم اجلاس کی صدارت کے دوران کیا۔ اجلاس میں تمام صوبوں بشمول آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور اسلام آباد میں محرم الحرام کے سکیورٹی پلان کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
وزارت داخلہ کی جانب سے جمعرات کو جاری اعلامیہ کے مطابق اس موقع پر سوشل میڈیا پر مذہبی منافرت پھیلانے والے عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی اورایسے عناصر کو قانون کی گرفت میں لا کر سخت کاروائی کا فیصلہ کیا گیا۔ اس کے علاوہ الیکٹرانک و سوشل میڈیا پر نفرت انگیز مواد کی روک تھام کے لیے پیمرا کو واضح سفارشات ارسال کی جائیں گی، محرم الحرام کے دوران امن وامان یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری انتطامی اقدامات اٹھانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس کے دوران فیصلہ کیا گیا کہ انٹرنیٹ یا موبائل فون سروس کی بندش کا فیصلہ سکیورٹی خدشات کے تناظر میں متعلقہ صوبوں کی مشاورت سے کیا جائے گا۔
اس موقع پر وزیر داخلہ محسن نقوی نے ہدایت کی کہ انٹرنیٹ یا موبائل فون سروس کے حوالے سے فیصلہ زمینی حقائق اور سکیورٹی صورتحال کو مدنظر رکھ کر کیا جائے، تمام ضروری اقدامات اور فیصلے باہمی مشاورت سے کئے جائیں گے۔ محسن نقوی نے مزید کہا کہ وفاق صوبوں، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور اسلام آباد میں قیام امن کے لئے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کسی کو بھی اشتعال انگیزی اور شرپسندی کی اجازت ہرگز نہیں دی جائے گی، محرم الحرام کے دوران ضابطہ اخلاق کی سختی سے پابندی کرائی جائے گی، جلوسوں و مجالس کی جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے نگرانی کو یقینی بنایا جائے گا۔
اجلاس کو پنجاب، خیبر پختونخوا، سندھ، بلوچستان، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور اسلام آباد کے آئی جیز پولیس اور سیکرٹریز داخلہ نے محرم الحرام سکیورٹی پلان پر بریفنگ دی۔ اجلاس میں وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری، وفاقی سیکرٹری داخلہ، قائمقام چیئرمین سی ڈی اے، کمانڈنٹ فرنٹیئر کانسٹیبلری، ڈی سی اسلام آباد، ڈی آئی جی اسلام آباد پولیس، وزارت داخلہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اعلی حکام نے بھی شرکت کی جبکہ تمام صوبوں، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان کے آئی جیز پولیس، سیکرٹریز داخلہ، ڈی جیز رینجرز پنجاب، ڈی جی رینجرز سندھ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اعلی حکام وڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔