اسلام آباد(سٹاف رپورٹر )وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی، ڈاکٹر مصدق ملک نے نیشنل کریڈٹ گارنٹی کمپنی لمیٹڈ (NCGCL) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر، جناب عمار حبیب سے اہم ملاقات کی، جس میں پاکستان میں گرین ڈویلپمنٹ کے فروغ کے لیے ممکنہ مالیاتی اشتراک پر اصولی اتفاق کیا گیا ، پاکستان کریڈٹ ریٹنگ ایجنسی(PACRA) کی جانب سے AAA ریٹنگ حاصل کرنے والی NCGCL نے گرین فنانسنگ کے لیے 10 ارب روپے کی مالی معاونت فراہم کرنے پر آمادگی ظاہر کی ہے، جو کہ ایک منظم گارنٹی پروگرام کے تحت دی جائے گی۔
اس مفاہمتی فریم ورک کے تحت NCGCL وزارت کے اشتراک سے 10 ارب روپے کی سرمایہ کاری پر مشتمل مالیاتی گارنٹیز فراہم کرے گی۔ یہ گارنٹیز میزنین فنانسنگ، کنورٹیبل اور پریفرڈ بانڈز، کریڈٹس، ایکوٹیز اور انٹرنل ریٹ آف ریٹرن (IRR) جیسے مالیاتی ڈھانچوں پر مبنی ہوں گی، جو مختلف منصوبوں کی معاشی فعالیت کے مطابق فراہم کی جائیں گی ،یہ معاہدہ وزارت کے اس عزم کی غمازی کرتا ہے کہ وہ پاکستان میں ماحولیاتی لحاظ سے پائیدار اور اقتصادی طور پر مؤثر منصوبہ جات کے لیے سازگار مالیاتی ماحول فراہم کرے، بالخصوص نوجوانوں اور خواتین کی قیادت میں ابھرتے ہوئے گرین انٹرپرینیورز کو عالمی سطح پر متعارف کروانے کے لیے سہولیات فراہم کرے۔
وفاقی وزیر ڈاکٹر مصدق ملک نے اس تعاون کو “گرین فنانسنگ” کو مرکزی دھارے میں لانے اور ماحولیاتی اہداف کے حصول میں نجی شعبے کی شراکت کو متحرک کرنے کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا.