اسلام آباد( سپیشل رپورٹر )وزیراعظم شہباز شریف کے احکامات کی روشنی میں وزارت ہاؤسنگ کے ذیلی ادارے پاک پی ڈبلیو ڈی (PWD) کی عمارت آذربائیجان کے حوالے کرنے کا فیصلہ، تین ماہ کے اند ر عمارت میں تبدیلیاں کر کے عمارت آذربائیجان کے حوالے کی جائے گی،عمارت میں ویزا سروسز اور سفارتی امور کے د فاتر ہوں گے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کے احکامات کی روشنی میں وزارت ہاؤسنگ کے ذیلی ادارے پاک پی ڈبلیو ڈی (PWD) کی ایک اہم عمارت آذربائیجان کے حوالے کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے.
وزیراعظم شہباز شریف نے منظوری دے دی ہے ۔ ذرائع کے مطابق آذربائیجان اس عمارت کو اسلام آباد میں ویزا ، کاغذات کی تصدیق، قونصلر خدمات اور دیگر سفارتی امور کے لیے استعمال کرے گا۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے اس سلسلے میں وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) کو خصوصی ہدایات جاری کی ہیں کہ عمارت کی تیاری مکمل کر کے آذربائیجان کو حوالے کی جائے۔ آذربائیجان وفد نے حالیہ دنوں میں پاک پی ڈبلیو ڈی کی مذکورہ عمارت کا دورہ کیا تھا، جہاں انہوں نے عمارت کو پسند کرتے ہوئے چند ضروری تبدیلیوں کی نشاندہی کی۔ ان تجاویز کی روشنی میں پلاننگ ونگ نے فوری طور پر کام کا آغاز کر دیا ہے۔پلاننگ ونگ کو ہدایت دی گئی ہے کہ آذربائیجان کی ضروریات کے مطابق عمارت میں تبدیلیاں کی جائیں۔
اس مقصد کے لیے عمارت کی اصل ڈرائنگز پاک پی ڈبلیو ڈی سے حاصل کی جا چکی ہیں، تاکہ ترمیم کے بعد دفتر کی شکل میں عمارت کو تیار کر کے آذربائیجان حکام کے سپرد کیا جا سکے۔ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ آذربائیجان حکومت، اسپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل (SIFC) کے ساتھ مل کر اسلام آباد میں ایک جدید سیون اسٹار ہوٹل کی تعمیر میں بھی گہری دلچسپی رکھتی ہے۔ اس منصوبے پر ابتدائی بات چیت جاری ہے اور وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے اس پر اصولی منظوری دے دی گئی ہے۔یہ اقدامات پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان بڑھتے ہوئے سفارتی و اقتصادی تعلقات کا مظہر ہیں، جو مستقبل میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔