راجیان آئل فیلڈاو جی ڈی سی ایل کی مکمل ملکیت اور آپریٹنگ اثاثہ ہے۔ ترجمان او جی ڈی سی ایل

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر )آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) نے ضلع چکوال میں واقع راجیان آئل فیلڈ کنویں نمبر-5پر الیکٹریکل سبمرسبل پمپ (ای ایس پی) کی کامیاب تنصیب کے ذریعے تیل و گیس کی پیداوار میں نمایاں اضافہ کیا ہے۔کمپنی کی بہتر حکمت عملی اور منصوبہ بندی کے تحت کیے گئے ورک اور ای ایس پی تنصیب کے بعد، راجیان آئل فیلڈ کنواں نمبر۔5 سے تیل کی پیداوار 820 سے بڑھ کر 3,100 بیرل یومیہ اورگیس کی پیداوار 5 لاکھ سے بڑھ کر 10لاکھ مکعب فٹ یومیہ تک پہنچ گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق راجیان آئل فیلڈ، جو پنجاب کے ضلع چکوال میں واقع ہے اور گوجر خان ایکسپلوریشن لائسنس کے تحت او جی ڈی سی ایل کی 100فیصدملکیت اور آپریٹنگ اثاثہ ہے، اگست 1994 میں دریافت ہوئی تھی اور کمپنی کے پیداواری پورٹ فولیو کا اہم جزو ہے۔ اس فیلڈ کے دیگر دو کنوؤں میں بھی پہلے ہی کامیابی سے ای ایس پیز نصب کیے جا چکے ہیں۔ راجیان کنواں نمبر۔5 کی یہ کامیابی، موجودہ فیلڈز کی صلاحیت کو بہتر انداز میں بروئے کار لانے کے لیے او جی ڈی سی ایل کی بہترین حکمت عملی کی توثیق کرتی ہے۔

واضع رہے یہ کامیابی ملکی توانائی وسائل کے مؤثر استعمال کے سلسلے میں کمپنی کے عزم کو مزید مضبوط بناتے ہوئے طویل المدتی پائیداری اور قومی توانائی تحفظ کی بنیاد فراہم کرے گی۔ اگرچہ مصنوعی لفٹ سسٹمز (اے ایل ایس) روایتی طور پر بند یا کم پیداوار والے کنوؤں پر استعمال کیے جاتے ہیں، او جی ڈی سی ایل اب یہ ٹیکنالوجی اُن کنوؤں تک بھی بڑھا رہی ہے جن سے قدرتی طور پرتیل و گیس کی پیداوار حاصل کی جا رہی ہے۔ یہ نقطہ نظر بین الاقوامی بہترین طریقہ کار سے ہم آہنگ ہے اور کمپنی کی وسیع تر پالیسی کے مطابق پیداوار میں اضافے اور کارکردگی میں بہتری کے مقاصد کو آگے بڑھانے میں مددگار ثابت ہوگا۔ او جی ڈی سی ایل جدید ٹیکنالوجی اور مؤثر فیلڈ مینجمنٹ حکمت عملیوں کو بروئے کار لا کر پاکستان کے توانائی مستقبل کو مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے۔