اسلام آباد(سٹاف رپورٹر )اسلام آباد میں سوئیڈن کی ویزا سروسز کی بحالی کا اعلان دو جولائی 2025 کو اسٹاک ہوم میں پاکستان اور سوئیڈن کی وزارت خارجہ کے درمیان ہونے والی دوطرفہ سیاسی مشاورت کے بعد کیا گیا ہے۔ اس فیصلے سے اُن پاکستانیوں کو سہولت میسر آئے گی جو مختصر قیام کے لیے سوئیڈن جانا چاہتے ہیں ، 7 جولائی 2025 سے پاکستانی شہری اب پاکستان کے اندر سے سوئیڈن کے لیے شینجن ویزا کے لیے درخواست دے سکیں گے، جو زیادہ سے زیادہ 90 دن کے قیام کے لیے ہوگا۔
پاکستان نے اس مثبت پیشرفت کا خیرمقدم کیا ہے، جو دونوں ممالک کے درمیان مضبوط ہوتے ہوئے دوطرفہ تعلقات کی عکاسی کرتی ہے ، اسٹاک ہوم میں ہونے والی دوطرفہ مشاورت میں پاکستانی وفد کی قیادت ایڈیشنل فارن سیکریٹری (یورپ) نے کی، جبکہ سوئیڈن کی نمائندگی وزارت خارجہ کے ڈائریکٹر جنرل برائے عالمی امور نے کی.