تحریک عدم اعتماد مسترد اور اسمبلی تحلیل کرنے کے فیصلے پر گلوکار اور پی ٹی آئی کے سابق سیکرٹری اطلاعات جواد احمد نے وزیر اعظم عمران خان کو ایک بار پھر کڑی تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
ٹوئٹر پر جاری ویڈیو پیغام میں جواد احمد نے کہا کہ سوشل میڈیا پر عمران خان کے حامی اور کارکنان کو یہ نہیں پتا کہ انہوں نے کیا کیا ہے، انہوں نے ریاست پاکستان کو مسائل میں ڈال دیا ہے جس کے لیے عمران خان کو اس وقت پھانسی بھی ہوسکتی ہے اور عمر قید بھی۔
جواد احمد نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کو کسی نے غلط مشورے دیے ہیں، مجھے پہلے عمران خان پر بہت غصہ آتا تھا لیکن اس بار مجھے ان پر ترس آرہا ہے، اس وقت اسٹیبلشمنٹ اور ادارے بہت پریشانی میں ہیں کیوں کہ ڈپٹی اسپیکر نے عمران خان کے خلاف عدم اعتماد کو بیرونی ملک کی سازش قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا اگر عمران خان کے خلاف بیان پر فیصلہ آیا تو ان کو جیل ہوسکتی ہےلیکن عمران خان کو مشورہ دینے والوں کو بھی جیل ہونی چاہیے، ایک زمانے میں عمران خان مجھے بہت اچھے لگتے تھے لیکن انہوں نے اپنی جہالت اور بیوقوفی کے باعث اپنے لیے مسائل کھڑے کیے۔