سندھ بھر سے 20 ہزار سے زائد نوجوانوں نے کرکٹ ٹیلنٹ ہنٹ کیلئے اندراج کرایا ہے، میرٹ کی بنیاد پر باصلاحیت کھلاڑیوں کا انتخاب کیا جائے گا، رانا مشہود احمد خان

کراچی (سٹاف رپورٹر )چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت کرکٹ ٹیلنٹ ہنٹ سکیم میں کوئٹہ میں ٹرائلز میں 17 ہزار سے بچے اور بچیوں نے شرکت کی، کراچی میں یہ ٹرائلز جاری ہیں،سندھ بھر سے 20 ہزار سے زائد نوجوانوں نے کرکٹ ٹیلنٹ ہنٹ کیلئے اندراج کرایا ہے، میرٹ کی بنیاد پر باصلاحیت کھلاڑیوں کا انتخاب کیا جائے گا، ان منتخب کھلاڑیوں کو قومی اور عالمی سطح پر نمائندگی کے مواقع فراہم کئے جائیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے۔رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ موجودہ حکومت نوجوانوں کو بااختیار بنانے کیلئے تعلیمی شعبہ پر خصوصی توجہ دے رہی ہے، نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے کیلئے دن رات کام کر رہے ہیں، نوجوانوں کو سائنس و ٹیکنالوجی، آئی ٹی، آرٹس اینڈ کلچر کے شعبوں میں سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، نوجوانوں کو وزیراعظم ٹیلنٹ ہنٹ سکیم کے تحت کھیل کے شعبہ میں بھی مواقع فراہم کئے جا رہے ہیں، اس ٹیلنٹ ہنٹ سکیم کے تحت 23 مختلف کھیلوں کو فروغ دے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے ذریعے نوجوان لڑکوں اور لڑکیوں کو میرٹ پر آگے آنے کے مواقع فراہم کئے جا رہے ہیں یہ بچے نہ صرف اپنا مستقبل بناتے ہیں بلکہ ملک کا نام بھی روشن کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رواں سال ٹیلنٹ ہنٹ سکیم کا آغاز باکسنگ کے کھیل کے ٹرائل سے شروع کیا، وزیراعظم یوتھ پروگرام اور لاہور قلندرز کے درمیان شراکت داری سے کرکٹ ٹیلنٹ ہنٹ کے ٹرائلز جاری ہیں،لاہور قلندرز پلیئرز ڈویلپمنٹ پروگرام پر عمل پیرا ہے، اس کا مقصد ملک بھر سے ٹیلنٹ کو آگے لانا ہے اور ان کو تربیت فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سپورٹس ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کا آغاز کوئٹہ سے کیا گیا، ان ٹرائلز میں 17 ہزار سے بچے اور بچیوں نے شرکت کی، اب این ای ڈی گرائونڈ کراچی میں یہ ٹرائلز جاری ہیں، کراچی سے حنیف محمد جیسے ہیرو سامنے آئے، یہاں پر 20 ہزار سے زائد نوجوانوں نے کرکٹ ٹیلنٹ ہنٹ کیلئے اندراج کرایا ہے، میرٹ کی بنیاد پر باصلاحیت کھلاڑیوں کا انتخاب کیا جائے گا، ان منتخب کھلاڑیوں کو قومی اور عالمی سطح پر نمائندگی کے مواقع فراہم کئے جائیں گے۔