پی ٹی اے ، اوپن سگنل کے مابین شراکت داری، ملک بھر میں نیٹ ورک کوالٹی مانیٹرنگ کی جانب اہم قدم

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر ) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے)اور عالمی سطح پر معروف آزاد نیٹ ورک اینالٹکس ادارے اوپن سگنل کے مابین تعاون کا آغاز کیا گیا ہے جس کا مقصد ملک بھر میں ٹیلی کام صارفین کے لئے کوالٹی آف سروس (کیو او ایس) اور کوالٹی آف ایکسپیرینس (کیو او ای) کی نگرانی اور بہتری کے عمل کو مضبوط بنانا ہے۔اس اقدام کے تحت صارفین کے تجربے پر مبنی کراؤڈ سورسنگ طریقۂ کار کے ذریعے نیٹ ورک کی کارکردگی سے متعلق درست، خودکار اور رئیل ٹائم ڈیٹا فراہم کیا جائے گا۔ یہ طریقۂ کار فکسڈ براڈبینڈ اور موبائل نیٹ ورکس (ٹو جی، تھری جی، فور جی، فائیو جی وغیرہ) سمیت تمام جدید ٹیکنالوجیز میں نیٹ ورک کوالٹی کے جائزے کے لیے عالمی سطح پر تسلیم شدہ ہے۔

جمعرات کو پی ٹی اے سے جاری بیان کے مطابق اوپن سگنل کی ڈیٹا پر مبنی جدید رپورٹس پی ٹی اے کو نیٹ ورک کی کارکردگی کی جانچ اور بہتری میں ممد و معاون ثابت ہوں گی تاکہ صارفین کو بین الاقوامی معیار (آئی ٹی یو کے معیارات) کے مطابق قابلِ اعتماد اور تیز رفتار کنکٹیویٹی کی فراہمی ممکن ہو۔ اس شراکت کے تحت پی ٹی اے کو فور جی / فائیو جی کی رفتار، لیٹنسی، کوریج گیپس اور صارف تجربے سے متعلق کلیدی کارکردگی اشاریوں (کے پی آئیز) پر مسلسل اور رئیل ٹائم ڈیٹا فراہم کیا جائے گا، جو صارف کے مفاد کے فروغ، سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی اور نیٹ ورک کی توسیع سے متعلق فیصلہ سازی میں معاون ہوگا۔ یہ شراکت داری پی ٹی اے کی اُس مستقل کوشش کا حصہ ہے جو صارفین کو معیاری خدمات کی فراہمی اور شفافیت کے فروغ کے لئے جاری ہیں۔