عمران خان کے بچوں کو پاکستان آ کر اپنے والد سے ملاقات کرنے کا مکمل حق حاصل ہے،اسما عباسی

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر )پاکستان مسلم لیگ (ن)کی سینئر رہنما اور ممبر پنجاب اسمبلی اسما عباسی نے کہا ہے کہ عمران خان کے بچوں کو پاکستان آ کر اپنے والد سے ملاقات کرنے کا مکمل حق حاصل ہے، اگر وہ احتجاج میں شرکت کے لیے آنا چاہتے ہیں تو ہمیں کوئی فرق نہیں پڑتا۔

انہوں نے کہا کہ ابھی تک جو اطلاعات موصول ہوئی ہیں ان کے مطابق عمران خان کی سابقہ اہلیہ نے بچوں کو پاکستان آنے سے روک رکھا ہے۔اسما عباسی نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ پاکستان تحریک انصاف احتجاج کرے یا کوئی اور حکمت عملی اپنائے، عمران خان کو ان کی سزا پوری کیے بغیر کوئی ریلیف نہیں ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ سپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے پی ٹی آئی ارکانِ اسمبلی کے خلاف بھیجا گیا ریفرنس آئین و قانون کے مطابق بالکل درست اقدام ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ توڑ پھوڑ، جلا گھیرا یا ہنگامہ آرائی کی کسی صورت اجازت نہیں دی جائے گی۔ قانون کی عملداری یقینی بنانا حکومت کی ذمہ داری ہے اور اس حوالے سے کوئی نرمی نہیں برتی جائے گی۔اسما عباسی نے وزیراعلی پنجاب مریم نواز کو صوبے میں کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (CCD) کے قیام پر مبارکباد بھی پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک انقلابی قدم ہے۔