1931 کے شہدا کا خون مقبوضہ وادی کی موجودہ تحریک کی طاقت ہے،راجہ پرویز اشرف

لاہور(سٹاف رپورٹر )سابق وزیر اعظم اور پاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر راجہ پرویز اشرف نے 1931کے شہدائے کشمیر کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج سے 94برس قبل شہدائے کشمیر نے اپنی مزاحمت کی بنیاد رکھی،13 جولائی 1931 کے روز شروع ہونیوالی تحریک آج بھی جاری ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی تاریخ ظلم و جبر اور استبداد کے سامنے جدوجہد سے بھری پڑی ہے،1931 کے شہدا کا خون مقبوضہ وادی کی موجودہ تحریک کی طاقت ہے۔

راجہ پرویز اشرف نے مذید کہا کہ مقبوضہ وادی کو جیل بنانے کے باوجود کشمیری اپنے حق خود ارادیت کیلئے لڑ رھے ہیں،ہم بھارتی فسطائیت اور جبر کیخلاف جدوجہد کرنیوالوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کشمیری کاز کی پہلے دن سے حامی ہے، بھٹو اور بی بی شہید کے بعد آج ان کی تیسری نسل کشمیر کا مقدمہ لڑ رھی ہے۔راجہ پرویز اشرف نے زور دیکر کہا کہ کشمیر آزاد ہو گا ،ضرور ہو گا اور اسے چیئرمین بلاول بھٹو ہی آزاد کرائینگے۔