سال 2025 کے دوران اب تک پولیو کے 14 کیسز کی تصدیق ہوچکی ہے۔ سید مصطفیٰ کمال

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر )وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال نے انسدادِ پولیو کے حوالے سے منعقدہ ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پولیو وائرس آپ کے چاروں جانب موجود ہے،ملک بھر سے ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی موجودگی کی تصدیق ہو رہی ہے،سال 2025 کے دوران اب تک پولیو کے 14 کیسز کی تصدیق ہوچکی ہے۔ سید مصطفیٰ کمال نے کہا کہ پولیو کے مہلک اثرات سے آگاہی کے باوجود بعض والدین کا اپنے بچوں کے لیے فکرمند نہ ہونا حیران کن ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج دنیا میں کینسر جیسے موذی مرض کا علاج موجود ہے لیکن پولیو کا کوئی علاج نہیں،والدین پولیو کے خطرے کا ادراک کرتے ہوئے ہمارے پولیو ورکرز سے خود رابطہ کریں۔ وفاقی وزیر سید مصطفیٰ کمال نے کہا کہ اپنے بچوں کو پولیو سے بچانے کے لیے ان کی ویکسی نیشن ہر صورت یقینی بنائیں۔

انہوں نے کہا کہ پولیو کے خاتمے کے لیے حکومت بھرپور عزم اور تسلسل کے ساتھ اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔ سید مصطفیٰ کمال نے کہا کہ افغانستان جہاں اس وقت طالبان کی حکومت ہے وہاں بھی بڑے پیمانے پر گھر گھر پولیو مہم کا انعقاد کیا جا رہا ہے،جنگ زدہ غزہ میں بھی فلسطینی مائیں اپنے بچوں کو پولیو ویکسین پلوانا یقینی بنا رہی ہیں۔