نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار کی ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی سے ملاقات، علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال

اسلام آباد ( سٹاف رپورٹر )نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے چین کے شہر تیانجن میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) وزراء خارجہ کونسل کے اجلاس کے موقع پر ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی سے ملاقات کی۔ دونوں رہنمائوں نے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کا جائزہ لیا اور ایران کے خلاف حالیہ اسرائیلی جارحیت کے بعد ابھرتی ہوئی علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے اس موقع پر ایران کے عوام اور حکومت کے ساتھ پاکستان کی غیر متزلزل یکجہتی اور علاقائی امن اور استحکام کے لئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں اس بات پر زور دیا کہ کشیدگی میں کمی اور دیرپا امن کےلئےمذاکرات اور سفارت کاری ہی واحد قابل عمل راستہ ہے۔