اسلام آباد ( سٹاف رپورٹر )وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی دورہ ایران کے دوران مشہد پہنچ گئے ، مشہد انٹرنیشنل ائیر پورٹ پرصوبہ خراسان کے گورنر جنرل غلام حسین مظفری نے ان کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔ وزیر داخلہ اور صوبہ خراسان کے گورنر جنرل غلام حسین مظفری کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزارت داخلہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق گورنر جنرل صوبہ خراسان نے وزیر داخلہ کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی مشہد آمد ہمارے لئے باعث افتخار ہے، ایران کے ساتھ پاکستانی حکومت اور عوام کے خیرسگالی کے جذبات کی قدر کرتے ہیں۔
گورنر جنرل خراسان نے کہا کہ جنگ کے دوران پاکستان ڈٹ کر ایران کے ساتھ کھڑا رہا اور ہر موقع پر بھرپور حمایت کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے جنگ کے دوران بھائی ہونے کا ثبوت دیا۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ ایرانی قیادت اور عوام نے جنگ کے دوران ہمت اور عزم کا بے مثال مظاہرہ کیا۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان اپنے برادر ہمسایہ ملک کے ساتھ کھڑا ہے اور کھڑا رہے گا۔
مشہد میں زائرین کی سہولت کے لئے ایرانی حکومت نے بہترین انتظامات کیے ہیں، سہ فریقی کانفرنس کے فیصلوں سے پاکستانی زائرین کو ایران اور عراق جانے میں آسانیاں پیدا ہوں گی۔ محسن نقوی نے کہا کہ دورہ ایران انتہائی کامیاب رہا اور بہت محبت ملی۔