اسلام آباد ( سٹاف رپورٹر )وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کے مشیر اعلیٰ برائے بین الاقوامی امور ڈاکٹر علی اکبر ولایتی سے ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور، پاک ایران تعلقات اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
وزارت داخلہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کے مشیر اعلیٰ برائے بین الاقوامی امور ڈاکٹر علی اکبر ولایتی سے ملاقات کے دوران ایران اسرائیل جنگ بندی کے بعد خطے کی موجودہ صورتحال پر بھی بات چیت ہوئی ۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پاکستانی کی سیاسی و عسکری قیادت کی طرف سے ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کے لئے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا ۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ جنگ ہو یا امن پاکستان اور ایران ہر موقع میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔ محسن نقوی نے کہا کہ دشمن پاک ایران تعلقات میں کوئی رخنہ نہیں ڈال سکتا۔ پاکستان میں ایران کے سفیر رضا امیری مقدم اور سینئر سفارت کار بھی اس موقع پر موجود تھے۔ واضح رہے کہ ڈاکٹر علی اکبر ولایتی ایران کے سابق وزیر خارجہ و سینئر سفارت کار رہ چکے ہیں۔