ایف جی ای ایچ اے نے جی-13، ایف-14 اور ایف-15 میں اہم رہائشی منصوبوں کو ترجیح دی؛ تعمیرات ستمبر 2025 میں شروع ہوں گی ڈی جی ظفر اقبال

اسلام آباد (سپیشل رپورٹر) آج مورخہ 17 جولائی 2025 کو فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائیز ہاؤسنگ اتھارٹی (FGEHA) میں ڈائریکٹر جنرل کیپٹن (ر) محمد ظفر اقبال کی زیر صدارت ایک اہم میٹنگ منعقد ہوئی، جس میں چیف انجینئر، ڈائریکٹر ایڈمن، ڈائریکٹر سٹاف، ڈائریکٹر فنانس کے علاوہ تمام متعلقہ ٹیکنیکل اسٹاف جن میں تمام پروجیکٹ ڈائریکٹر زاو رپروجیکٹ انجینئرز نے شرکت کی۔
اجلاس میں سال 2025 کی پہلی سہ ماہی کے ترجیحی ترقیاتی اہداف کا تعین کیا گیا، جن میں درج ذیل منصوبہ جات سرفہرست ہیں:
• لائف اسٹائل ریزیڈنسی سیکٹر G-13اپارٹمنٹس
• سیکٹر F-14 اور F-15
• اسکائی لائن اپارٹمنٹس
• کشمیر ایونیو اپارٹمنٹس سیکٹر G-13
تمام پروجیکٹ ڈائریکٹرز، انجینئرز اور متعلقہ شعبہ جات نے اپنی پیش رفت پر تفصیلی بریفنگ دی۔ ڈائریکٹر جنرل نے تمام ٹیکنیکل اسٹاف کو ہدایت کی کہ وہ متعلقہ منصوبوں کے فنانشل اور ٹیکنیکل معاملات کو جلد از جلد مکمل کر کے بورڈ سے منظوری کے لیے پیش کریں۔
فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائیز ہاؤسنگ اتھارٹی کے زیر اہتمام تین اہم ہاؤسنگ منصوبوں کے لیے پی سی-ون کی منظوری آئندہ 10 روز میں متوقع ہے۔ ان منصوبوں میں لائف اسٹائل ریزیڈنسی سیکٹر G-13 اپارٹمنٹس، سیکٹر F-14 اور F-15 میں رہائشی منصوبہ، اور کشمیر ایونیو اپارٹمنٹس سیکٹر G-13 شامل ہیں۔ پی سی-ون کی منظوری کے بعد ان تمام منصوبوں پر تعمیراتی کام ستمبر 2025 سے شروع کر دیا جائے گا۔ ان منصوبوں کا مقصد سرکاری ملازمین کو جدید اور معیاری رہائشی سہولیات کی فراہمی ہے
ڈائریکٹر جنرل نے واضح الفاظ میں کہا کہ سستی، تاخیر یا لاپرواہی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ تمام افسران اپنی ذمہ داری کو پوری سنجیدگی سے نبھائیں اور مقررہ مدت کے اندر اہداف کی تکمیل کو یقینی بنائیں تاکہ الاٹیز کو بروقت سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ترقیاتی کاموں میں معیار، شفافیت اور وقت کی پابندی اولین ترجیح ہونی چاہیے، اور اس حوالے سے کسی قسم کی کوتاہی ناقابل قبول ہوگی۔
اجلاس کے اختتام پر ڈائریکٹر جنرل نے تمام افسران کی موجودگی کو سراہتے ہوئے یہ عزم دہرایا کہ FGEHA کی قیادت الاٹیز کے مفاد میں ہر ممکن اقدامات بروقت اٹھائے گی