مسابقتی کمیشن نے لاجسٹکس شعبہ میں عالمی کمپنیوں کے انضمام کی منظوری دے دی

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر )مسابقتی کمیشن آف پاکستان (سی سی پی) نے عالمی شپنگ اور لاجسٹکس کمپنی سی ایم اے سی جی ایم ایس اے کو ترک کمپنی بوروسان کے حصول کی منظوری دے دی ہے۔کمیشن نے کمپٹیشن ایکٹ 2010 کے سیکشن 11 اور کمپٹیشن (مرجر کنٹرول) ریگولیشنز2016 کے تحت فریقین کی جانب سے جمع کرائی گئی مجوزہ مرجر کی درخواست کا جائزہ لیا جس میں بوروسان کا ترک کمپنیوں بوروسان ہولڈنگ اے ایس اور بوروسان یاتیرم وی پزارلاما اے ایس کے ذریعے حصول شامل تھا۔

سی ایم اے سی جی ایم کا صدر دفتر فرانس میں واقع ہے، یہ کمپنی دنیا بھر میں کنٹینر شپنگ اور پورٹ ٹرمینل خدمات فراہم کرتی ہے جبکہ پاکستان میں یہ سیوا لاجسٹکس پاکستان پرائیویٹ لمیٹڈ اور سیوا ایئر اینڈ اوشن پاکستان پرائیویٹ لمیٹڈ کے ساتھ مل کر کام کرتی ہے۔ دوسری جانب، بوروسان بنیادی طور پر ترکیہ میں تھرڈ پارٹی لاجسٹکس خدمات فراہم کرتی ہے، پاکستان میں یہ کمپنی مقامی ایجنٹ کے ذریعے موجود ہے مگر یہاں اس کے آپریشنز نہ ہونے کے برابر ہیں۔

کمیشن کی جانب سے اس مجوزہ لین دین کے معاہدے میں ممکنہ مسابقت مخالف اثرات کا جائزہ لیا گیا جس میں سامنے آیا کہ اس معاہدے کے تحت متعلقہ مارکیٹ فریٹ فارورڈنگ سروسز (فضائی و بحری)ہے اور چونکہ بوروسان کی پاکستان میں موجودگی نہ ہونے کے برابر ہے لہٰذا یہ معاہدہ متعلقہ شعبہ میں مسابقت پر اثرانداز نہیں ہوگا اور نہ ہی یہ غلبے یا اس کی مضبوطی یا نئے کاروباری اداروں کی مارکیٹ میں شمولیت میں رکاوٹ کا باعث بنے گا.