اسلام آباد (سٹاف رپورٹر )وزیر مملکت برائے وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت وجیہہ قمر سے ورلڈ فوڈ پروگرام (ڈبلیو ایف پی)پاکستان کی کنٹری ڈائریکٹر کوکو اوشیاما نے ملاقات کی اور ملک بھر میں سکولوں میں غذائیت،بچوں کی ابتدائی ترقی اور والدین کی تربیت کے حوالے سے تعاون کو مضبوط بنانے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔ جاری پر یس ریلیز کے مطابق وجیہہ قمر نے بچوں کی صحت اور تعلیمی رسائی کو بہتر بنانے میں ڈبلیو ایف پی کے مسلسل تعاون بالخصوص غذائی عدم تحفظ کے شکار اضلاع میں سکولوں کے کھانے کے پروگرام جیسے اقدامات کو سراہا انہوں نے بچوں کی جامع ترقی پر وزارت کی توجہ کو اجاگر کیا جس میں والدین کے لیے رہنما کتابچوں ’’آغوش‘‘ اور ’’پرورش‘‘ کا اجرا شامل ہے ،ان کا مقصد دیکھ بھال کرنے والوں کو غذائیت، جذباتی نگہداشت اور سکول کے لیے تیاری کے بارے میں معلومات فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ بھوکا بچہ سیکھ نہیں سکتا، ہمارا مقصد ابتدائی سالوں میں غذائیت اور والدین کی آگاہی کو پاکستان کے تعلیمی نظام میں شامل کرکے سیکھنے کے لیے مضبوط بنیادیں قائم کرنا ہے۔
اس موقع پر کوکو اوشیاما نے بچوں کی فلاح و بہبود کو تعلیمی پالیسی کا حصہ بنانے پر وزارت کی قیادت کی تعریف کی۔ انہوں نے غذائی تحفظ کو تعلیم، صنفی مساوات اور کمیونٹی کی مضبوطی سے جوڑنے والے مشترکہ پروگراموں کے ذریعے پاکستان کی قومی ترجیحات کی حمایت میں ڈبلیو ایف پی کے عزم کی تجدید کی ، فریقین نےسکولوں کے کھانے کے پروگراموں کو وسعت دینے، غذائیت کے اقدامات میں والدین کی آگاہی شامل کرنے اور دور دراز اور پسماندہ کمیونیٹیز میں اہداف پر مبنی اقدامات کے مواقع بارے تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات میں پائیدار ترقیاتی اہداف (ایس ڈی جیز)بالخصوص ایس ڈی جی 2 (صفر بھوک) اور ایس ڈی جی 4 (معیاری تعلیم) کو حکومتی اور ڈبلیو ایف پی کے مشترکہ تعاون سے آگے بڑھانے کا عزم ظاہر کیا گیا.