وزیر اعظم شہباز شریف کی بہترین سیاسی بصیرت کی وجہ سے آج دنیا بھر کے ممالک سے بہترین سفارتی تعلقات قائم ہوچکے ہیں،وفاقی وزیر حنیف عباسی کا تقریب سے خطاب

راولپنڈی (سٹاف رپورٹر)وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم محمدشہباز شریف کی بہترین سیاسی بصیرت کی وجہ سے آج دنیا بھر کے ممالک سے بہترین سفارتی تعلقات قائم ہوچکے ہیں،بھارت کی جانب سے پانی بند کرنے کی دھمکی اعلانِ جنگ کے مترادف تھی،ہماری مسلح افواج نے دشمن کو بدترین شکست دی، ملک کا دفاع ناقابلِ تسخیر ہے،دشمن کے پانچ جہاز گرائے گئے، آج دنیا دشمن کی جگ ہنسائی کر رہی ہے،وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے تعلیم اور صحت کے شعبہ میں انقلابی اقدامات کئے، مواصلاتی نظام کو بہتر بنایا اور ستھرا پنجاب جیسے منصوبوں کو لا کر عملی کام کیا ۔

ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر نے جمعرات کو بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن راولپنڈی کے میٹرک امتحانات میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے طلباء و طالبات میں تقسیم انعامات کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ہونہار طلبہ کو لیپ ٹاپ اور سکالرشپ دی جبکہ امتحانی نظام کی ڈیجیٹلائزیشن سے شفافیت کو یقینی بنایا گیا۔

انہوں نے امتحانات میں کامیاب ہونے والے طلباء و طالبات اور ان کے والدین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاتعلیم میں میرٹ اور اصلاحات کا سہرا وزیر اعلیٰ پنجاب کو جاتا ہے ۔راولپنڈی کے اسکولز و کالجز میں ترقیاتی اسکیمیں منظور ہو چکی ہیں اوراس کے ساتھ ریلوے کے شعبے کو بھی ڈیجیٹلائز کیا جا رہا ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایم این اے ملک ابرار احمد نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف تعلیم کے شعبے میں جدید تقاضوں کے مطابق اصلاحات لا رہی ہیں۔طلبہ و طالبات کو سکالرشپ اور لیپ ٹاپ دینا تعلیم کے تسلسل کو برقرار رکھنے کی عملی کوشش ہے۔یہ تقریب نہ صرف کامیاب طلبہ کی حوصلہ افزائی کا ذریعہ بنی بلکہ تعلیمی نظام میں شفافیت، میرٹ اور اصلاحات کے عزم کا اظہار بھی ہے