اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی جانب سے عوام الناس کو ایسے جعلی پیغامات سے محتاط رہنے کو کہا گیا ہے جن میں کوریئر سروسز کے نمائندہ کی جانب سے صارف کو فون کال کے ذریعے ویریفکیشن کوڈ سے متعلق معلومات طلب کی جا رہی ہیں۔
پی ٹی اے کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ایس ایم ایس یا میسجنگ ایپس کے ذریعے موصول ہونے والا کوئی بھی کوڈ کسی کے ساتھ ہر گز شیئر نہ کریں، کیونکہ یہ کوڈ آپ کے اکائونٹس یا ڈیجیٹل شناخت تک غیر مجاز رسائی کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔
مستند کوریئر کمپنیاں پارسل کی ترسیل کے لیے صارفین سے کسی قسم کے کوڈ سے متعلق معلومات طلب نہیں کرتیں۔واضح رہے کہ پی ٹی اے صارفین کو ڈیجیٹل فراڈ سے محفوظ رکھنے کے لیے پرعزم ہے اور عوام الناس سے گزارش ہے کہ کسی بھی پیغام پر عمل کرنے سے پہلے اس کی تصدیق ضرور کریں