اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے نیویارک میں معروف سرمایہ کاروں، بینکنگ اور آئی ٹی پرفیشنلز سے ملاقات کی اور خصوصی سرمایہ کاری کو آسان بنانے کے لیے قائم کردہ کونسل (ایس آئی ایف سی) کے تحت زراعت، آئی ٹی، معدنیات، توانائی اور سیاحت جیسے شعبوں میں ہونے والی اصلاحات پر توجہ دلائی جمعرات کو دفتر خارجہ کے ترجمان کی طرف سے جاری بیان کے مطابق اس موقع پر انہوں نے پاکستان کے بہتر ہوتے ہوئے میکرو اکنامک اشاریوں پر روشنی ڈالی جن میں 14 سال میں پہلی بار کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس، افراط زر میں کمی، اور عالمی اداروں کی جانب سے ملکی کریڈٹ ریٹنگز میں بہتری شامل ہیں۔ انہوں نے خصوصی سرمایہ کاری کو آسان بنانے کے لیے قائم کردہ کونسل (ایس آئی ایف سی) کے تحت زراعت، آئی ٹی، معدنیات، توانائی اور سیاحت جیسے شعبوں میں ہونے والی اصلاحات پر بھی توجہ دلائی۔
نائب وزیراعظم نے فنانس، بینکنگ اور آئی ٹی شعبوں کے معاشی ترقی میں کردار پر زور دیتے ہوئے پاکستان میں فِن ٹیک، انفراسٹرکچر، پائیدار فنانس، اثاثوں کی ڈیجیٹلائزیشن، اور ڈیجیٹل بنکنگ کے مواقع پر بات کی۔ انہوں نے جاری اصلاحات، تیز رفتار ڈیجیٹلائزیشن، اور عالمی معیارات کے مطابق اے ایم ایل ؍سی ایف ٹی کے نفاذ کو بھی اجاگر کیا، جو سرمایہ کاروں کے اعتماد کو بڑھا رہے ہیں اس موقع پر مورگن سٹینلے، بینک آف امریکا ، بی این پی پیریبا، جے پی مورگن، اور گولڈ مین سی چس جیسے معروف اداروں سے وابستہ شرکا نے پاکستان کے سرمایہ کاری کے منظر نامے پر کھل کر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے اپنے قیمتی مشورے پیش کیے اور پاکستان کی ترقی میں معاون نجی شعبے کی سربراہی میں اقدامات کو فروغ دینے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ انہوں نے پاکستان اور امر یکا کے درمیان معاشی تعلقات کو مضبوط بنانے کی کوششوں کو بھی سراہا.