وفاقی وزیر ڈاکٹر مصدق ملک کی زیرِ صدارت جینیاتی طور پر ترمیم شدہ (GMO) سویابین میل کی درآمد سے متعلق کمیٹی کا اجلاس

اسلام آبا د(سٹاف رپورٹر)وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی، ڈاکٹر مصدق ملک کی زیرِ صدارت ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں پاکستان میں جینیاتی طور پر ترمیم شدہ (GMO) سویابین میل کی درآمد اور اس سے متعلقہ ضابطہ جاتی فریم ورک کا جائزہ لیا گیا اجلاس کے دوران وفاقی وزیر نے اس بات پر زور دیا کہ تمام فیصلے مضبوط سائنسی شواہد کی بنیاد پر کیے جائیں۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت دی کہ وہ جامع تجزیہ کریں تاکہ یہ سمجھا جا سکے کہ پاکستان میں سویابین کی پیداوار دیگر ممالک کے مقابلے میں نمایاں طور پر کم کیوں ہے، اور یہ بھی معلوم کیا جا سکے کہ مقامی سطح پر تیار کردہ سویابین بیج اور میل کی پیداواری لاگت درآمد شدہ متبادل کے مقابلے میں غیر متناسب طور پر زیادہ کیوں ہے۔

اجلاس میں حیاتیاتی تحفظ کے ممکنہ خدشات پر بھی غور کیا گیا، جن میں جینیاتی مواد کے اخراج (Gene Escape) کے خطرات شامل ہیں، اور واضح حفاظتی پروٹوکول وضع کرنے کی اہمیت پر زور دیا گیا اجلاس میں پروفیسر کوثر عبداللہ ملک کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دی گئی جو آئندہ دس دنوں میں ماہرین اور محققین کے ساتھ ایک قومی کانفرنس منعقد کرے گی، تاکہ بیج اور بایو ٹیکنالوجی سے متعلق پالیسی سازی کے لیے سائنسی رہنمائی فراہم کی جا سکے وفاقی وزیر نے ہدایت دی کہ حیاتیاتی تحفظ، بایو ٹیکنالوجی اور ضابطہ جاتی طریقہ کار پر مشتمل ایک جامع پالیسی فریم ورک 90 دن کے اندر تیار اور نافذ کیا جائے، تاکہ ملک میں پائیدار زرعی ترقی اور غذائی تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے.