اسلام آ باد (سٹاف رپورٹر)علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں سمسٹر بہار 2025 ریسرچ گرانٹ اور میرٹ سکالرشپس حاصل کرنے والے طلباء کے اعزاز میں ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔
اپنے خطاب میں ڈاکٹر ناصر محمود نے کہا کہ تعلیم کے معیار پر توجہ دینا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے، خوشی کی بات ہے کہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کو ٹائمز ہائر ایجوکیشن کی امپیکٹ رینکنگ 2025 میں پائیدار ترقی کے ہدف نمبر 4 (معیاری تعلیم) کے تحت پاکستان کی 2 ہزار جامعات میں دوسری پوزیشن حاصل ہوئی ہے جو ہماری تعلیمی خدمات کا عالمی سطح پر اعتراف ہے۔انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی 9 مختلف سکالرشپس دیتی ہے جن میں شہداء کے بچے، خواجہ سرا، قیدی،معذور افرادجبکہ باصلاحیت اور محنتی طلبہ کو میرٹ سکالرشپس فراہم کرتی ہے اور مالی طور پر کمزور طلبہ کو فیس میں خصوصی رعایت دی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی فیکلٹی اور والدین تعریف کے مستحق ہیں کہ طلباء نے محنت و لیاقت کی بنیا د پر 80 فیصد نمبر حاصل کر کے سکالر شپ حاصل کی۔
وائس چانسلر نے مزید بتایا کہ یونیورسٹی نے سکالرشپس کی مد میں 140 ملین روپے مختص کئے ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ طلبہ اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔تقریب کا انعقاد ڈائریکٹوریٹ آف سٹوڈنٹ ایڈوائزری اینڈ کونسلنگ سروسز کے زیرِاہتمام کیا گیاجس میں 439طلبہ کو میرٹ سکالرشپس سے نوازا گیا جبکہ 39طلبہ کو ریسرچ گرانٹ سے نوازا گیا۔وائس چانسلر نے اسکالرشپ جیتنے والے طلبہ کو مبارکباد دی اور کہا کہ یہ سکالرشپس نہ صرف ٹیلنٹ کی حوصلہ افزائی کے لئے دی جاتی ہیں بلکہ ان کا مقصد مستحق طلبہ کو تعلیم مکمل کرنے میں معاونت فراہم کرنا بھی ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر ارشاد احمد ارشد نے کہا کہ سکالرشپ حاصل کرنے والے طلبہ ہمارا فخر ہیں اور قوم کا سرمایہ ہیں، یونیورسٹی پاکستان کے باسیوں کو معیاری تعلیم فراہم کرنے میں کوشاں ہے۔
اوپن یونیورسٹی نے سٹوڈنٹ سپورٹ فنڈ کا اجراء کیا تاکہ کوئی طالب علم مالی وجوہات کی بنا پر تعلیم سے محروم نہ رہے ،یہی وجہ ہے کہ یونیورسٹی بلوچستان، گلگت اور ضم شدہ قبائلی اضلاع میں میٹرک کی تعلیم مفت فراہم کر رہی ہے۔ تقریب میں یونیورسٹی فیکلٹی ممبران، پرنسپل افسران،طلباء و طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔