اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا سے نیدرلینڈز ایمبیسی کے ڈپٹی ہیڈ آف مشن، ہیجو پروو کلویت نے آج سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں ملاقات کی۔ چیئرمین سی ڈی اے نے ایمبیسی کے ڈپٹی ہیڈ آف مشن ہیجو پروو کلویت کا گرمجوشی سے استقبال کیا۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، جس میں شہری ترقی، پائیدار انفراسٹرکچر، اور ماحولیاتی تحفظ کے شعبوں میں تعاون کے مواقع شامل تھے نیدرلینڈز کے ڈپٹی ہیڈ آف مشن، ہیجو پروو کلویت نے سی ڈی اے کی جانب سے حالیہ مون سون کے دوران غیرمعمولی بارشوں کے بعد نکاسی آب کے مسئلہ کو کامیابی سے حل کرنے، اس سلسلہ میں چیرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کے زاتی طور پر نیدر لینڈز کے سفارت خانہ کا دورہ کرنے اور سی ڈی اے کے دیگر افسران کی دن رات محنت اور شاندار کاوشوں کی بھی بے حد تعریف کی انہوں نے ڈپلومیٹک انکلیو کی اپ گریڈیشن، سی ڈی اے نرسری کو گارڈینیا ہب میں تبدیل کرنے جیسے خوبصورتی کے منصوبوں، اور خدمات کی ڈیجیٹلائزیشن کے ذریعے اسلام آباد کو سیف سٹی سے اسمارٹ سٹی بنانے کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے نیدرلینڈز کی جانب سے اسمارٹ سٹی پلاننگ اور گرین ٹیکنالوجیز کے شعبوں میں اپنی مہارت فراہم کرنے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔
چیئرمین سی ڈی اے اور چیف کمشنر محمد علی رندھاوا نے نیدرلینڈز کے ڈپٹی ہیڈ آف مشن کو سی ڈی اے کی جانب سے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی ہدایات کے مطابق ڈپلومیٹک انکلیو کو بین الاقوامی معیارات کے مطابق ایک ماڈل زون میں تبدیل کرنے کیلئے کئے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔ ان اقدامات میں انفراسٹرکچر کی بہتری، لینڈسکیپنگ اور ہارٹیکلچر کے ذریعے خوبصورتی اور انفراسٹرکچر کی طویل المدت اپ گریڈیشن شامل ہیں۔ انہوں نے سی ڈی اے نرسری کو جدید گارڈینیا ہب میں تبدیل کرنے کے منصوبے کے بارے میں بھی بتایا، جس کا مقصد اسلام آباد کو دنیا کا خوبصورت ترین دارالحکومت بنانا ہے۔ انہوں نے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ سسٹم، پانی کے تحفظ اور ماحول دوست شہری منصوبہ بندی و خوبصورتی جیسے شعبوں میں مستقبل کے تعاون کی امید بھی ظاہر کی دونوں فریقین نے ہارٹیکلچر اور لینڈسکیپنگ میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔ چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ سی ڈی اے مقامی پودوں کی کاشت اور موسمیاتی تبدیلیوں کے مطابق ہارٹیکلچر کے طریقوں کو فروغ دے رہا ہے۔ ڈپٹی ہیڈ آف مشن نے نیدرلینڈز کی ٹیولپز، ڈچ گلابوں، اور ہارٹیکلچر کے شعبہ میں مہارت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ نیدرلینڈز ہارٹیکلچر اور دیگر متعلقہ شعبوں میں اپنی مہارت فراہم کر سکتا ہے۔
دونوں فریقین نے شہری ترقی اور خوبصورتی کے شعبوں میں باہمی تعاون کے نئے راستوں کو تلاش کرنے اور بات چیت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ ہیجو پروو کلویت نے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی اور اپنے ملک کی گرین انفراسٹرکچر اور شہری خوبصورتی کے شعبوں میں سی ڈی اے کے ساتھ تعاون کو گہرا کرنے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ ملاقات مثبت انداز میں اختتام پذیر ہوئی، جہاں دونوں فریقین نے باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون کو مزید گہرا کرنے کے عزم کی تجدید کی.