اسلام آباد (سٹاف رپورٹر )وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ جنگ کے بعد مودی کو اب خواب میں بھی پاکستان اور اس کی افواج کا خوف ستا رہا ہے۔نجی ٹی وی کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے خواجہ آصف نے واضح کیا کہ پاکستان کی جوہری صلاحیت کسی کو بلیک میل کرنے کے لیے نہیں بلکہ دشمن کو منہ توڑ جواب دینے اور ملکی دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کے لیے ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مودی کے لیے پاکستان سے جنگ اب ایک ڈراؤنا خواب ہے، لیکن وہ اپنے ووٹ بینک کو بچانے کے لیے جنگی جنون اور جھوٹے بیانات کا سہارا لے رہے ہیں۔
وزیر دفاع نے مزید کہا کہ مودی دراصل اپنے ووٹروں کو بہلانے اور بھارت کے اندر پھیلتے سیاسی بحران کو دبانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق بھارت میں مودی کی پالیسیوں کے خلاف سخت ردعمل سامنے آ رہا ہے، جہاں کانگریس اور مختلف ریاستوں کے رہنما کھل کر تنقید کر رہے ہیں کہ مودی کے رویے نے حالات کو جنگ کے دہانے پر پہنچا دیا ہے خواجہ آصف نے دعویٰ کیا کہ بھارت نہ صرف خطے میں بلکہ عالمی سطح پر بھی اپنی ساکھ کھو چکا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ کینیڈا اور پاکستان میں دہشتگردی کے واقعات مودی حکومت کے آشیر باد سے ہوئے، اور پاکستان کے پاس بھارتی دہشتگردی کے ناقابل تردید شواہد موجود ہیں جو عالمی فورمز پر پیش کر دیے گئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) اور طالبان بھارت کی پراکسیز ہیں اور دنیا مودی کے چہرے پر دہشتگردی کا دھبہ دیکھ چکی ہے۔ خواجہ آصف نے زور دیا کہ اگر بھارت اچھے ہمسائے کی طرح برتاؤ کرے تو برصغیر میں امن اور ترقی ممکن ہے، تاہم مودی کی جنگی سوچ خطے کے امن کے لیے سب سے بڑا خطرہ بنی ہوئی ہے۔