وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی کی زیر صدارت اجلاس، مکینیکل ڈپارٹمنٹ کو کارکردگی میں بہتری کے لیے اہم ہدایات

اسلام آباد (سٹاف رپور ٹر)وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی کی زیر صدارت اجلاس، مکینیکل ڈپارٹمنٹ کو کارکردگی میں بہتری کے لیے اہم ہدایات وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی کی زیر صدارت ریلوے ہیڈکوارٹرز لاہور میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں مکینیکل ڈپارٹمنٹ کو جامع ٹارگٹس سونپے گئے اور ریلوے آپریشن کو مزید مؤثر اور فعال بنانے کے لیے متعدد فیصلے کیے گئے وفاقی وزیر نے ایڈیشنل جنرل مینیجر مکینیکل کو جنرل اسٹور کی مکمل انسپکشن کرنے اور اس سلسلے میں تھرڈ پارٹی تجزیہ رپورٹ دس روز میں وزارت کو بھیجنے کی ہدایت دی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سیفٹی سے متعلقہ آئٹمز کی فوری فراہمی کے لیے ایک ہفتے میں پلان تیار کیا جائے۔

وزیر ریلوے نے واضح کیا کہ 60 دن کے اندر ریل کاروں کی ریفربشمنٹ مکمل کر کے مسافروں کو بہتر سہولیات فراہم کی جائیں۔ اسی طرح کوئلہ لیجانے والی 600 ویگنوں کی موجودہ اَن فٹ حالت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی گئی کہ انہیں دو ماہ کے اندر مکمل طور پر فٹ کر کے فریٹ سسٹم میں شامل کیا جائے، تاکہ کراچی سے ریونیو میں خاطر خواہ اضافہ ہو سکے اجلاس میں نارووال سیکشن کی اپ گریڈیشن کا فیصلہ کیا گیا، جس کے بعد اس سیکشن پر چلنے والی گاڑیوں میں سہولیات میں بہتری لائی جائے گی۔ مزید برآں، وزیر ریلوے نے چینی کوچز میں نئے ائیر کنڈیشننگ یونٹس مقررہ مدت سے پہلے نصب کرنے اور اسلام آباد کیرج فیکٹری کو پروڈکشن اسپیڈ بڑھانے کی ہدایت دی تاکہ جلد از جلد نئی کوچز سسٹم میں شامل کی جا سکیں۔

وزیر ریلوے نے پاور پلانٹس کی آؤٹ سورسنگ کے امکانات پر ورکنگ کرنے کی بھی ہدایت کی، جبکہ حادثات کا شکار انجنوں کی مرمت کے لیے روڈ میپ پیش کرنے کا حکم دیا۔ اس حوالے سے چیف ایگزیکٹو آفیسر کی نگرانی میں اے جی ایم مکینیکل ان تمام ہدایات پر عمل درآمد کرائیں گے مزید برآں، وفاقی وزیر ریلوے نے شعبہ ٹریفک اینڈ کمرشل کے افسران سے ون آن ون ملاقاتیں بھی کیں اور واضح کیا کہ ریلوے میں “رائٹ مین فار دی رائٹ جاب” کے اصول پر عمل ہوگا محمد حنیف عباسی نے کہا کہ صرف وہی افسر اہم پوسٹنگ اور ترقی کا حقدار ہوگا جو کارکردگی دکھائے گا۔ کارکردگی نہ دکھانے والے افسران اپنے نتائج کے خود ذمہ دار ہوں گے۔