اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر)وزیر اعظم پاکستان کی ہدایت پر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کی جانب سے خیبر پختونخواہ کے سیلاب متاثرہ علاقوں کے لیے امدادی سامان کی ترسیل کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ آج صبح باجوڑ اور مانسہرہ کے لیے دو الگ الگ امدادی کھیپیں روانہ کی گئیں،امدادی سامان میں خیمے، کمبل، 7KVA جنریٹرز، ڈی واٹرنگ پمپس، راشن بیگز اور ادویات شامل ہیں۔ یہ سامان ضلعی انتظامیہ کے حوالے کیا جائے گا جو اسے متاثرہ خاندانوں میں تقسیم کرے گی،این ڈی ایم اے نے مسلح افواج اور مختلف فلاحی اداروں کے تعاون سے خیبر پختونخواہ اور گلگت بلتستان کے دیگر متاثرہ علاقوں کے لیے بھی امدادی سامان بھجوانے کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے،اتھارٹی کا کہنا ہے کہ وہ تمام متعلقہ سول و عسکری اداروں کے ساتھ مکمل رابطے میں ہے اور جاری امدادی کارروائیوں کی ہمہ وقت نگرانی کی جا رہی ہے تاکہ متاثرہ علاقوں میں بروقت اور مؤثر امداد کو یقینی بنایا جا سکے.
