وزیرِ مملکت ڈاکٹر شازرہ منصب علی خان کا مینگورہ میں سیلاب متاثرہ عوام سے ملاقات، ملک گیر شجرکاری مہم میں شمولیت

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)وزیرِ مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی، ڈاکٹر شازرہ منصب علی خان نے آج مینگورہ شہر کا دورہ کیا جہاں انہوں نے حالیہ سیلاب سے متاثرہ لوگوں سے ملاقات کی اور زمینی صورتحال کا جائزہ لیا اس موقع پر ڈاکٹر شازرہ منصب نے متاثرہ خاندانوں سے اظہارِ یکجہتی کیا اور انہیں یقین دلایا کہ حکومت متاثرہ علاقوں کی بحالی کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ موسمیاتی تبدیلی کے بڑھتے ہوئے اثرات سے کمزور طبقات کو محفوظ بنانا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

وزیرِ مملکت نے ملک گیر مون سون شجرکاری مہم میں بھی حصہ لیا جو “ایک بیٹی، ایک شجر” کے عنوان کے تحت وزیرِ اعظم کی قیادت میں رواں ہفتے شروع کی گئی ہے۔ اس مہم کا ہدف پاکستان بھر میں 4 کروڑ 10 لاکھ پودے لگانا ہے، تاکہ ماحولیاتی نظام کی بحالی، موسمیاتی لچک میں اضافہ اور عوامی شمولیت کو فروغ دیا جا سکے وفاقی سیکریٹری برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی، محترمہ عائشہ حمیرا مورانی بھی اس موقع پر موجود تھیں۔