کراچی (سٹاف رپورٹر)سندھ بھر میں 24 تا 28 اگست تک شدید بارش کا ایک موسمی نظام متوقع ہے جس کے باعث کراچی اور حیدرآباد میں تیز اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ خاص طور پر حیدرآباد میں اگلے 1 سے 2 گھنٹوں کے اندر موسلادھار بارش متوقع ہے جو سیلاب کا خطرہ بڑھا سکتی ہے ترجمان کے مطابق کراچی میں بھی اگلے 60 سے 90 منٹ میں شدید بارش کا امکان ہے، جس کی وجہ سے شہریوں کو بجلی کے تعطل اور سیلاب سے خبردار کیا گیا ہےشہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ زیرآب سڑکوں پر سفر سے گریز کریں اور بجلی کے کھمبوں سے دور رہیں تاکہ کسی قسم کے حادثات سے بچا جا سکے۔ برقی آلات کو محفوظ جگہ پر رکھیں اور ان کا استعمال احتیاط سے کریں۔
مقامی انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے گھروں اور آس پاس کے علاقوں میں پانی کے نکاس کے نظام کی جانچ پڑتال کریں تاکہ پانی جمع نہ ہو اور سیلاب کی صورتحال پیدا نہ ہو نشیبی علاقوں میں رہنے والے شہری ہنگامی کٹ تیار رکھیں جس میں پانی، خوراک، مشعلیں، اور فرسٹ ایڈ کٹ جیسی ضروری اشیاء شامل ہوں۔ ساتھ ہی مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کرنا انتہائی ضروری قرار دیا گیا ہے موسمی ماہرین نے بارش کے دوران احتیاطی تدابیر اپنانے اور غیر ضروری باہر نکلنے سے گریز کرنے کی تاکید کی ہے تاکہ ممکنہ نقصانات سے بچا جا سکے۔