اسلام آبا د(سٹاف رپورٹر )نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر نے کہا ہے کہ بارشوں کا نیا سپیل 22 سے 24 اگست تک جاری رہے گا جبکہ دریائے ستلج میں اونچے درجے کے سیلاب کا خطرہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ علاقوں سے شہریوں کے محفوظ انخلاء کیلئے فوری اقدامات کیے جا رہے ہیں یہ بات انہوں نے جمعہ کو وزیراعظم کی زیر صدارت اعلیٰ سطح اجلاس کے بعد وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ کے ہمراہ میڈیا بریفنگ میں کہی چیئرمین این ڈی ایم اے نے بتایا کہ حالیہ مون سون کے دوران پیشگی انتباہی نظام کو مؤثر طریقے سے استعمال کیا گیا ہے اور خیبرپختونخوا میں سیلابی صورتحال کے دوران ریسکیو اور مینجمنٹ کے اقدامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ پاک فوج، ایف سی، ڈاکٹرز اور دیگر اداروں نے امدادی کارروائیوں میں اہم کردار ادا کیا جس سے متعدد قیمتی جانوں کو بچایا جا سکا۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر کیمپوں میں مقیم متاثرین کو فوری امداد فراہم کر دی گئی ہے جس میں خیمے، کمبل، اور خوراک شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان متاثرین کو آئندہ کچھ عرصے تک دیکھ بھال کی ضرورت ہو گی، جس کے لیے صوبائی حکومت، ضلعی انتظامیہ، پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے ادارے مکمل تعاون کر رہے ہیں چیئرمین این ڈی ایم اے نے کہا کہ دریائے ستلج میں پانی کی سطح مسلسل بلند ہو رہی ہے اور سیلاب کی شدت مزید بڑھ سکتی ہے۔ اس وقت دریائوں میں پانی کا اخراج 1.5 لاکھ کیوسک ہے جو آنے والے دنوں میں 2 لاکھ کیوسک تک پہنچ سکتا ہے۔ اس صورتِ حال کے پیش نظر دریا کنارے آباد افراد کو فوری انخلاء کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں انہوں نے کہا کہ این ڈی ایم اے، حکومت پاکستان، مسلح افواج، صوبائی حکومت اور ریسکیو 1122 کے ساتھ مل کر عوام میں بروقت آگاہی پھیلانے کا عمل جاری ہے۔ “این ڈی ایم اے ایپ” پر واضح ہدایات اور الرٹس موجود ہیں جنہیں عوام تک پہنچایا جا رہا ہے۔ انہوں نے میڈیا سے اپیل کی کہ وہ بھی مقامی سطح پر آگاہی بڑھانے میں بھرپور کردار ادا کرے تاکہ کسی بھی جانی نقصان سے بچا جا سکے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر نے مزید کہا کہ حکومت تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے تاکہ شہریوں کو بروقت تحفظ، ریسکیو اور ریلیف فراہم کیا جا سکے اور اس قدرتی آفت کا مؤثر انداز میں مقابلہ کیا جا سکے۔